آن لائین بلڈنگ پرمیشن کیلئے بلڈناو پورٹل کا آ غاز: ریونت ریڈی

   

دو محکمہ جات میں 922 جائیدادوں کے احکام تقرر حوالے ، مس یونیورس مقابلوں سے سیاحت کا فروغ ہوگا، اپوزیشن قائدین اور مجھ میں کوئی تقابل نہیں، رویندرا بھارتی میں تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ جات پنچایت راج اور بلدی نظم و نسق میں 922 مختلف عہدوں پر تقررات کیلئے منتخب امیدواروں کو احکامات تقرر حوالے کئے ۔ رویندرا بھارتی میں منعقدہ تقریب میں چیف منسٹر نے بُلڈ ناو پورٹل کا آ غاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ سرکاری ملازمت کے حصول کیلئے گزشتہ 10 برسوں میں دیکھے گئے خواب کی آج تکمیل ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے تقرر کیلئے 922 امیدواروں اور ان کے ارکان خاندان کو مبارکباد پیش کی ۔ روزگار چاہے چھوٹا ہو یا بڑا زندگی بھر یاد رہتا ہے ۔ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی دراصل ان کا حق ہے ۔ چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ سابق حکومت نے ملازمین کے فوت ہونے پر ان کے ارکان خاندان کو ہمدردی کی بنیاد پر تقررات کو گزشتہ 10 برسوں میں نظر انداز کردیا تھا ۔ کانگریس حکومت نے تقررات کرتے ہوئے انصاف فراہم کیا ہے ۔ بیروزگار نوجوانوں نے تابناک مستقبل کی امید کے ساتھ علحدہ تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لیا تھا ۔ علحدہ ریاست کے قیام کے بعد بھی شہید ہونے والے نو جوانوں کا خواب پورا نہیں ہوا۔ کانگریس حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی ایک سال میں 57924 ملازمتوں پر تقررات کے لئے بعض قائدین کا اعتراض ہے کہ سابق حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور عوامی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ اپوزیشن کو کیا دکھائی نہیں دیا جب امتحانات کے عدم انعقاد سے نوجوانوں کو کس کرب سے گزرنا پڑا تھا ۔ سابق حکمرانوں نے صرف اپنے ارکان خاندان کو ملازمت فراہم کی تھی ۔ سابق حکومت کو غریبوں کو ملازمت کا خیال نہیں آیا اور 10 برسوں میں جو نہیں کیا گیا وہ کانگریس نے 10 ماہ میں کر دکھایا۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں اقتدار کے محض 10 ماہ میں کسی بھی حکومت نے 57924 جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں گروپ 1 ، 2 اور 3 کی 2000 سے زائد جائیدادوں کیلئے احکامات تقرر حوالے کرنے تیار ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے 10 برسوں میں کچھ نہیں کیا اور وہ چاہتے ہیں کہ ہم بھی ان کے راستہ پر چلیں اسی لئے ہر معاملہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ سابق میں فیصلے ایک شخص اور پارٹی قائدین کی جانب سے کئے جاتے رہے لیکن آج ہم عوام کی خواہشات کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلڈوناؤ پورٹل سے حیدرآباد میں بلڈنگ پرمیشن میں بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے میں مدد ملے گی ۔ کوئی شہری آن لائین پرمیشن حاصل کرپائے گا۔ ہمارا مقصد عوام کو شفاف نظم و نسق فراہم کرنا ہے جسے گڈ گورننس کہا جاتا ہے اور یہی تلنگانہ ماڈل ہے ۔ بعض سیاسی مخالفین کا کہنا ہے کہ عوام ہم سے ناراض ہیں ۔ کیا بیروزگاروں کو احکام تقرر جاری کرنے پر آپ مجھ سے ناراض ہیں ؟ خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے اڈانی اور امبانی سے مسابقت کے تحت خواتین کو سولار اینرجی پراجکٹس حوالے کرنے پر کیا ناراض ہیں؟ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہی سے کیا آپ ناراض ہیں؟ اپوزیشن قائدین کہہ رہے ہیں کہ ریونت ریڈی کی حکومت پر گرفت نہیں ہے۔ کسی بادشاہی قلعہ میں ہماری پرورش نہیں ہوئی لیکن نلا ملا جنگلات میں غریبوں کو دیکھتے ہوئے ہماری پرورش ہوئی ہے ۔ اپوزیشن میں انسانیت نہیں ہے ۔ میں چیف منسٹر کی حیثیت سے عوام سے ہمدردی کر رہا ہوں۔ قائد اپوزیشن میں حکمت کی کمی کے سبب فارم ہاؤز سے باہر نکلنے سے قاصر ہیں۔ مس یونیورس مقابلوں کے حیدرآباد میں انعقاد کی بعض گوشوں سے مخالفت کو مسترد کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں سیاحت کے فروغ کا یہ بہترین موقع ہے ۔ دنیا بھر سے نمائندے حیدرآباد کا دورہ کریں گے اور تلنگانہ ملک کے اہم سیاحتی مرکز کے طور پر ابھرے گا۔ 72 ویں مس یونیورس مقابلوں کے سبب دنیا کی نظریں تلنگانہ پر ٹکی ہیں۔ اپوزیشن قائدین نے فارمولہ ای ریس کے نام پر سرکاری رقومات کو نگل لیا تھا ۔ مجھ میں اور اپوزیشن قائدین میں کوئی تقابل نہیں ہے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر سیتکا اور چیف سکریٹری شانتی کماری اور عوامی نمائندے موجود تھے ۔ 1