آن لائین بینک صارفین سائبر دھوکہ کے آسان شکار

   

Ferty9 Clinic

نقلی ویب سائیٹ سے چوکسی ضروری، نئے طرز کی جعلسازی کو روکنے پولیس کے اقدامات ناکافی
حیدرآباد۔12 ۔اگست (سیاست نیوز) آن لائین بینکنگ اور بینک صارفین اب محفوظ نہیں رہے چونکہ سائبر دھوکہ بازوں کو جعلسازی کا بہ آسانی شکار بننے والوں میں بینک صارفین کی اکثریت پائی جاتی ہے ۔ ان سائبر دھوکہ بازوں سے بچاؤ کا آسان طریقہ صرف اور صرف چوکنا رہنا ہے بلکہ کسی بھی اجنبی اور ہمدردی کا مظاہرہ کرنے والے انجان افراد اور بینکس سے محفوظ رہتے ہوئے اپنی محنت کی کمائی کو خود اپنے آپ برباد ہونے سے بچایا جاسکتا ہے ۔ ملک میں بڑھتے سائبر جرائم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سائبر سیفٹی ادارے ’’سرٹ ان‘‘ نے بھی اپنی جانب سے انتباہ دیا ہے کہ صارفین ہوشیار رہیں۔ سائبر دھوکہ باز ان دنوں فیشنگ حملہ کر رہے ہیں۔ یعنی ایک چیز کو دکھاکر رقم لوٹ لی جارہی ہے ۔ صارفین کو انہیں کے ہاتھوں برباد کرنے کا نیا طریقہ اپنایا گیا ہے ۔ ان سائبر دھوکہ بازوں کی جعلسازی کے آگے سرکاری مشنری بالخصوص پولیس کے اقدامات بھی ناکافی ثابت ہورہے ہیں۔ دراصل انٹرنیٹ بینکنگ میں مصروف شہریوں کو یہ دھوکہ باز اپنا نشانہ بناتے ہیں ۔ فون نمبر اور ٹی پی کی تفصیلات کو بہ آسانی خود شہری سے حاصل کرنے کا یہ ہنر رکھتے ہیں ۔ آئے دن سائبر جرائم کے متعلق سینکڑوں شکایتیں وصول ہورہی ہیں۔ ’’این گواک‘‘ نامی نقلی ویب سائیٹ کے ذریعہ اب راست شہریوں سے ان کے بینک کھاتوں کی تفصیلات کو خود شہری کے ہاتھوں حاصل کیا جارہا ہے ۔ بینک ویب سائیٹ طرز کی دکھائی دینے والی اس نقلی ویب سائیٹ پر آن لائین بینکنگ میں مصروف شہری بہ آسانی شکار ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ اس طرح کی دھوکہ باز ویب سائیٹ پر ایک مرتبہ رجوع ہونے سے شہری کی تمام تفصیلات ان دھوکہ بازوں کے ہاتھ چلی جاتی ہیں اور دھوکہ باز ان تفصیلات کو حاصل کرنے کے بعد شہری کو بہ آسانی لوٹ لیتے ہیں۔ شہریوں کیلئے ان نقلی ویب سائیٹ کی جانچ یقیناً مشکل ہے تاہم چوکنا رہتے ہوئے بہ آسانی سائبر دھوکہ بازوں کے جال میں پھنسنے سے بچا جاسکتا ہے ۔ سائبر سیفٹی کے ادارے ’’سرٹ ان‘‘ کے انتباہ کے مطابق نقلی ویب سائیٹ کے آخر میں NGROK اور یو بینک کا نام رہتا ہے ۔ اور بینک صارفین کسی بھی ویب سائیٹ سے رجوع ہونے سے قبل اس کی جانچ ضرور کرلیں ورنہ مشکل کو خود دعوت دینے والے ثابت ہوں گے ۔ ادارے کی جانب سے جاری انتباہ میں چند رہنمایانہ خطوط بھی جاری کئے گئے ہیں کہ اگر کسی بینک صارف کی جانب سے ایک مرتبہ بھی اس ویب سائیٹ یا پھر کسی بھی لنک کو کلک کرنے پر بینک صارف کی تمام تفصیلات دھوکہ بازوں کے ہاتھ چلی جاتی ہیں جس کے بعد بینک کھاتہ خالی ہوجاتا ہے ۔ ادارے نے بینک صارفین اور شہریوں کو اس بات کا مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے موبائیل فون اور کمپیوٹر میں اینٹی سیاٹی ویر سافٹ ویر کو انسٹال کرلیں جس کی مدد سے اصل اور نقل میں بہ آسانی سے تمیز کی جاسکتی ہے ۔ جو شہریوں کو چوکنا رہنے میں مدد گار ثابت ہوگا ۔ اگر ویب سائیٹ سائبر دھوکہ بازوں کی ہونے کا پتہ ہو تو فوری اس ویب سائیٹ پر میل روانہ کرلیں۔ [email protected] اور فوری بینک سے رجوع کریں۔