نظام آباد کے سینئر جج پدماوتی سے کانگریس قائد سید قیصر کی نمائندگی
نظام آباد ۔ 7 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سید قیصر قائد کانگریس پارٹی نے ضلع لیگل سرویس اتھاریٹی سکریٹری و سینئر ضلع جج پدماوتی سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری شکایت حوالے کی جس میں انہوں نے بتایا کہ نظام آباد شہر کے رہائشی علاقوں اور مصروف ترین سڑکوں پر بڑے جانوروں کی گشت سے عوام کی زندگی کو خطرہ لاحق ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ تاجرین اپنے مالی فائدہ کیلئے بڑے جانور کی خریدی کرتے ہوئے سڑکوں پر آوارہ چھوڑ دیتے ہیں جس سے یہ جانور بھوکے پیاسے گشت کرتے ہوئے راہ گیروں پر حملہ کررہے ہیں ۔ شہر کے کئی علاقوں میں آوارہ جانوروں کے بچوں اور راہ گیروں پر حملہ کرتے ہوئے شدید زخمی کردینے کے واقعات منظر عام پر آچکے ہیں ۔ انہوں نے اپنی یادداشت میں بتایا کہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ کئی دہوں سے خانگی جانوروں کو سڑکوں پر چھوڑ دئیے جانے کے باوجود ا ن جانوروں کے مالکین کیخلاف قانونی کارروائی نہیں کی جارہی ہے جس سے عوام کی زندگی کو لاحق خطرہ بڑھتا جارہا ہے انہوں نے ضلع لیگل سرویس اتھاریٹی سکریٹری سے مطالبہ کیا کہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جوابدہ بنایا جائے اور کئی دہوں سے سڑکوں پر جانوروں کو چھوڑ دئیے جانے کے باوجود خاموش تماشائی بنے رہنے پر بلدیہ عہدیداروں کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کیخلاف نوٹس جاری کی جائے ۔ ضلع لیگل سرویس اتھاریٹی سکریٹری پدماوتی نے تیقن دیا کہ بلدیہ عہدیداروں کو نوٹس جاری کی جائے گی ۔