پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں والدین کے ساتھ آمد، بلدی عہدیداروں کے خلاف شکایت
حیدرآباد۔/21 جولائی، ( سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقوں میں آوارہ کتوں کی دہشت نے عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ کمسن بچوں کے علاوہ مرد و خواتین کوکتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدی حکام کو بارہا ہدایت کے باوجود آوارہ کتوں کی دہشت پر قابو پانے میں ناکامی ہوئی ہے۔ اسی دوران قطب اللہ پور سے تعلق رکھنے والے کمسن بچوں نے آج متعلقہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنی شکایت منفرد انداز میں درج کرائی۔ کمسن بچوں نے پولیس عہدیداروں سے کہاکہ قطب اللہ پور اسمبلی حلقہ کے کومپلی کی مختلف کالونیوں میں آوارہ کتوں کی دہشت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ کتوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اور کاٹنے کے واقعات میں اضافہ کے سبب والدین بچوں کو اسکول روانہ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ کمسن بچوں نے کہا کہ بلدی حکام سے بارہا نمائندگی کے باوجود کوئی قدم نہیں اٹھائے گئے۔ کومپلی کے میونسپل کمشنر، چیرمین میونسپلٹی اور عہدیداروں کی جانب سے عدم کارروائی کے خلاف مقامی افراد نے اپنے بچوں کے ساتھ پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کرائی۔ بڑی تعداد میں بچوں کے پولیس اسٹیشن پہنچنے پر عہدیدار بھی حیرت میں پڑ گئے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ کالونی میں عوام گھروں سے باہر نکلنے کیلئے خوفزدہ ہیں۔ پولیس سے درخواست کی گئی کہ وہ بلدی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں پابند کریں کہ وہ آوارہ کتوں کو پکڑنے کے اقدامات کریں۔ مقامی افراد نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اپیل کی کہ اس مسئلہ پر مداخلت کریں۔ 1