مجلس بلدیہ حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے توثیق
حیدرآباد۔ آوارہ کتوں میں کورونا وائرس کے کوئی آثار نہیں ہیں اور کتوں کے معائنے کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے بات کی توثیق کی جاچکی ہے کہ آوارہ کتوں میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئی ہیں۔ چند یوم قبل بنجارہ ہلز کے علاوہ جوبلی ہلز اور کے بی آر پارک کے قریب کتوں میں سستی اور کاہلی کے علاوہ ان کی حرارت میں اضافہ کی شکایات شہریوں کی جانب سے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں سے کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ کے بی آر پارک کے علاوہ جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز کے علاقوں میں پائے جانے والے آوارہ کتوں میں کورونا وائرس کی علامات پائی جا رہی ہیں ۔ ان شکایات کے حصول کے بعد جی ایچ ایم سی عملہ نے کتوں کو پکڑنے والی گاڑیاں روانہ کرتے ہوئے ان علاقوں سے کتوں کو پکڑنے کے علاوہ ماہر امراض مویشیاں کو روانہ کیا گیا تھا تاکہ سستی وکاہلی کا شکار کتوں کو پکڑتے ہوئے ان کی جانچ کی جائے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کے بی آر پارک کے قریب پکڑے گئے کتوں کو جانچ کیلئے مرکز برائے بہبود مویشیاں واقع فتح اللہ گوڑہ لیجایا گیا اور اس مرکز پر ان کتوں کی جانچ اور کوروناو وائرس کا معائنہ کرنے کے بعد اس بات کی توثیق کی جاچکی ہے کہ آوارہ کتوں میں کورونا وائرس کے اثرات نہیں پائے گئے ہیں۔ چند یوم قبل کے بی آر پارک چہل قدمی کیلئے پہنچنے والوں اور ان علاقوں کے مکینوں کی جانب سے جی ایچ ایم سی سے شکایات کے بعد تشویش کا اظہار کیا جانے لگا تھا اور کتوں میں پائی جانے والی ان علامتوں کے سبب علاقہ کے مکینو ںمیں بے چینی کی لہر پائی جارہی تھی۔