حیدرآباد/21 فبروری (سیاست نیوز ) عنبرپیٹ میں پیش آئے دلخراش واقعہ میں آوارہ کتوں کے حملے میں 4 سالہ کمسن لڑکا ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ عنبرپیٹ 6 نمبر روڈ پر اُس وقت پیش آیا جب کمسن بچہ کار سرویس سنٹر ورکشاپ سے جہاں اس کا باپ گنگادھر واچ مین کی حیثیت سے ملازمت کرتا ہے کھیلنے کیلئے باہر آیا تھا ۔ سڑک پر موجود 3 آوارہ کتوں نے اس پر پہلے حملہ کیا اور ان سے بچنے کیلئے بچے نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن مزید آوارہ کتوں کے جھنڈ نے اس پر حملہ کردیا ۔ یہ خوفناک منظر مقامی سی سی ٹی وی میں قید ہوا اور یہ منظر سوشل میڈیا پر آج وائرل ہونے کے بعد عوام میں آوارہ کتوں کو لیکر تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ گنگادھر اس کو ورکشاپ لایا تھا اور اس نے پارکنگ لاٹ میں موجود کیبن میں اُسے چھوڑ کر لڑکے کو وہیں کھیلنے کہا ۔ لیکن پردیپ کھیلتے ہوئے آوارہ کتوں کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں اس کا چہرہ اور جسم کے دیگر اعضاء شدید زخمی ہوگئے ۔ پردیپ کے باپ گنگادھر نے انتہائی شدید زخمی بیٹے کو مقامی دواخانہ منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ گنگادھر کا تعلق نظام آباد سے ہے اور وہ روزگار کی تلاش میں 4 سال قبل شہر آیا تھا ۔ عنبرپیٹ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ اس واقعہ کے بعد شہر کے عوام میں آوارہ کتوں پر قابو پانے پر سوشل میڈیا کے ذریعہ برہمی ظاہر کی گئی ۔ میئر جی وجئے لکشمی نے اجلاس منعقد کیا اور آوارہ کتوں کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا اور تحقیقات کا حکم دیا۔ آوارہ کتوں کو پکڑنے مختلف سرکل میں 30 ٹیمیں موجود ہونے کی اطلاع دی ۔ اسی دوران وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اس قسم کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں اور متعلقہ محکمہ کو آوارہ کتوں کے مسئلہ پر قابو پانے واضح ہدایت دی گئی ہے اس پر سنجیدگی سے کام کیا جائیگا ۔