آوٹر رنگ روڈ فیز 2 پراجکٹ کے کام میں تیزی واٹر بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 3 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے عہدیداروں کو آوٹر رنگ روڈ فیز۔2 پراجکٹ میں ذخائر آب کی تکمیل کیلئے تیزی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ موسم گرما میں خلل کے بغیر پانی کی سربراہی کی جائے۔ آوٹر رنگ روڈ فیز2 پراجکٹ کا مقصد ایک بڑی آبادی کو خاطرخواہ پینے کا پانی سربراہ کرنا ہے بشمول 3.6 لاکھ خاندانوں اور 25 لاکھ لوگوں کو۔ اس میں 18 بلدیات، 7 میونسپل کارپوریشن، 25 گرام پنچایتیں اور محتلف گیٹیڈ کمیونٹیز اور کالونیز شامل ہیں جو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے پرے واقع ہیں اور واٹر بورڈ کے سرویس ایریا کے تحت ہیں۔ واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر سی سدرشن ریڈی نے کل عہدیداروں کے ہمراہ حلقہ اسمبلی راجندر نگر میں آوٹر رنگ روڈ فیز۔2 پراجکٹ کے تحت ذخائر آب کا معائنہ کیا۔ اس میں قسمت پور، منچیریولا، گندھم گوڑہ، برنداون کالونی، ایراکنٹہ، ابھیودیا نگر اور گنڈی پیٹ کے علاقوں کا احاطہ کیا گیا۔ سدرشن ریڈی نے ڈسٹری بیوشن لائینس اور دیگر امور کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو مابقی ڈسٹری بیوشن لائینس کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ سدرشن ریڈی نے گنڈی پیٹ کا بھی دورہ کیا۔