آوٹر رنگ روڈ پر خود کار کیمروں سے موٹر رانوں کو مشکلات، رفتار کے نام پر چالانات

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔28 اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوںبالخصوص آؤٹر رنگ روڈ پر خود کار کیمروں سے شہریو ںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ آؤٹر رنگ روڈ کے علاوہ شہر حیدرآباد سے مربوط ہونے والی سڑکوں پر ٹریفک پولیس کی جانب سے نصب کردہ کیمروں کے ذریعہ گاڑیوں کی رفتار پر نظر رکھی جا رہی ہے اور جو گاڑیاں تیز رفتاری کے ساتھ گذرجاتی ہیں ان کی تصاویر خود کار کیمروں میں قید کرتے ہوئے انہیں چالان روانہ کئے جا رہے ہیں ۔ شاہراہوں پر نصب ان کیمروں اور رفتار کی حد کے سلسلہ میں شہریوں کا کہناہے کہ شہر میں داخل ہونے والے راستوں پر رفتار کی حد 40 کیلو میٹرفی گھنٹہ ہے جبکہ آؤٹر رنگ روڈ اور دیگر شاہراہوں پر گاڑیوں کی رفتار کی حد 60کیلو میٹر فی گھنٹہ ہے جو کہ کافی کم قرار دی جا رہی ہے۔ موٹر گاڑیوں کے مالکین کا کہناہے کہ جن سڑکوں پر ٹریفک کم ہوتی ہے ان سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار کی حد میں اضافہ کیا جانا چاہئے تاکہ موٹر گاڑیاں بہتر رفتار سے گذرسکیں۔ ڈرائیورس کا کہنا ہے کہ ان سڑکوں پر جہاں ٹریفک نہیں ہوتی ان سڑکوں پر رفتار میں اضافہ کیا جائے بصورت دیگر راہگیروں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور غیر ضروری چالانات ادا کرنے پڑرہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کی اطراف کی سڑکوں بالخصوص بھونگیر‘ پٹن چیرو‘ بالانگر‘ کوکٹ پلی‘ شمس آباد‘ شاد نگر‘ مدینہ گوڑہ ‘ گچی باؤلی کے علاوہ دیگر علاقوں میں اہم سڑکوں پر نصب کئے گئے خود کار کیمروں کے سبب کئی چالانات موصول ہورہے ہیں اور سڑک ٹریفک سے پاک ہونے کے باوجود بھی سست رفتار کے ساتھ گاڑی چلانی پڑرہی ہیں۔ علاوہ ازیں چند ڈرائیورس کا الزام ہے کہ خود کار کیمروں میں رفتار بھی درست سیٹ نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے غیر ضروری چالانات بھی موصول ہونے لگے ہیں ۔ اور ان چالانات پر اعتراض یا اسے چیالنج کرنے کی بھی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ چیالنج کی صورت میں آٹومیٹک کیمروں سے لی گئی تصاویر کو بطور ثبوت پیش کیا جا رہا ہے۔م