ماہ اگست میں 15ہزار کیس درج ، گاڑیوں کے مالکین کی گرفتاری و عدالتوں میں پیشکشی
حیدرآباد ۔8ستمبر ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد شہر کے مضافات میں تعمیر کردہ ’’ او آر آر ‘‘ ( آوٹر رنگ روڈ ) پر گاڑیوں کی تیز رفتاری کا اندازہ لگانے کیلئے نصب کردہ سی سی کیمروں کے ذریعہ ماہ اگست میں جملہ 15ہزار کیسیس درج کئے گئے ۔ آوٹر رنگ روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے پولیس نے گاڑیوں کی رفتار فی گھنٹہ 100کلومیٹر کا تعین کر کے اس سے تیز رفتار گاڑیوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے گاڑیوں کی نشاندہی کر کے ان گاڑیوں کے خلاف جرمانے عائد کرنے کا آغاز کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہیکہ کسی کی بھی گاڑی ہوجو 100کلومیٹر کی رفتار سے تجاوز کر کے تیز رفتاری کے ساتھ گزرنے پر فی الفور آوٹر رنگ روڈ پر پائے جانے والے ’’ اسپیڈ لیزر گنس ‘‘ کے ذریعہ نشاندہی کر کے ان گاڑیوں کی تصویر کشی کی جاتی ہے اور بعد ازاں ان گاڑیوں کی تصاویر اکھٹا کر کے پولیس محکمہ کی جانب سے چالان کر کے جرمانے عائد کئے جارہے ہیں ۔ کمشنریٹ رچہ کونڈہ کے حدود میں واقع آؤٹر رنگ روڈ پر صرف ماہ اگست میں ہی جملہ 15,381 گاڑیوں کی تیز رفتاری کے سلسلہ میں کیسیس درج کئے گئے اور اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہیکہ آؤٹر رنگ روڈ پر گاڑیاں کس تیز رفتاری کے ساتھ چلائی جاتی ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ جن گاڑیوں کے خلاف چالان کر کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں ۔ ان میں 5818 گاڑیاں تین سے زائد مرتبہ چالان کی ہوئی ہیں اور ان پر جرمانے بھی عائد کئے جاچکے ہیں ۔ ان گاڑیوں کا پتہ چلانے کیلئے ٹریفک پولیس فوری طور پر مہم چلارہی ہے اور ان گاڑیوں کو ضبط کرنے گاڑی مالکین کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جارہا ہے ۔