اڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی ہری چندنا کو زائد ذمہ داری ۔ سڑکوں کو مربوط کرکے ترقی کا منصوبہ
حیدرآباد۔/5نومبر، ( سیاست نیوز ) مضافاتی علاقوں سے گزرنے والی آؤٹر رنگ روڈ کو ترقی دینے کے علاوہ گروتھ کاریڈار کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے حکومت سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان کاموں کا جائزہ لینے حیدرآباد گروتھ کاریڈار لمیٹیڈ ( ایچ جی سی ایل ) صدر نشین عہدہ کی زائد ذمہ داری اڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی شریمتی ہری چندنا داسری کو سونپنے احکام جاری کئے گئے۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ اب تک یہ فرائض مسٹر اروند کمار پرنسپال سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق میں انجام دے رہے تھے۔ لیکن اروند کمار کی دیگر ذمہ داریوں کے پیش نظر انہیں اس ذمہ داری سے سبکدوش کرکے شریمتی ہری چندنا داسری کو زائد ذمہ داری سونپی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد گروتھ کاریڈار کے کئی کام زیر التوا ہیں جن کو پورا کرنے شریمتی ہری چندنا داسری کو ذمہ داری سونپی گئی۔ آوٹر رنگ روڈ گروتھ کاریڈار میں انتہائی اہمیت کی حامل گرڈ روڈ کے تعمیری کام کئی برسوں سے زیر التوا ہیں اور سال2008 میں مرتب کردہ ماسٹر پلان گروتھ کاریڈار کے مطابق تقریباً 158 کیلو میٹر طویل آوٹر رنگ روڈ کے اطراف چاروں طرف 718 مربع کیلو میٹر طویل سینکڑوں گرڈ روڈز کو ترقی دینے کا ایچ ایم ڈی اے نے فیصلہ کیا۔ لیکن ابھی تک کام شروع نہیں کئے جاسکے۔ سرویس روڈز کے ساتھ انٹر چینج سے مربوط کرکے ان کو ترقی دینے پر ٹریفک کے تمام مسائل کی یکسوئی ممکن ہوجائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اب تک ابراہیم پٹنم۔ حیات نگر، مہیشورم ۔ شمس آباد، ابراہیم پٹنم۔ راجندر نگر ۔ شمس آباد، معین آباد۔ شنکر پلی، راجندرا پورم ۔ شنکر پلی، پٹن چیرو ۔ راجندر نگر، سیری لنگم پلی ۔ رامچندرا پورم، جنارم گرڈ روڈ کو ترقی دینے کی نشاندہی کی گئی۔ لیکن ابھی تک عملی اقدامات نہیں کئے جاسکے۔ ان تمام سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے کی صورت میں شہر حیدرآباد میں ٹریفک دباؤ میں کمی ہوسکتی ہے اور شہر کے مصافاتی علاقوں کی تیزرفتار ترقی کو بھی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں میڑچل۔ قطب اللہ پور، شاہ میر پیٹ۔ کیسرا ، گھٹکیسر ۔ پٹن چیرو جیسے علاقوں کو اگر ایک دوسرے سے بہتر انداز میں اور ایک جامع منصوبہ کے تحت مربوط کردیا جاتا ہے تو پھر یہ تمام علاقے چھوٹے شہروں کی شکل میں زبردست ترقی حاصل کرسکتے ہیں۔