آوٹر رنگ روڈ کی سڑکیں خستہ حالی کا شکار

   

دو ایگزٹ پوائنٹ بند ، پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) بارش کی وجہ سے شاہراہوں اور شہر کی سڑکیں ہی نہیں بلکہ آؤٹر رنگ روڈ کی سڑکیں بھی انتہائی خستہ حال ہوچکی ہیں اور بارش کا پانی جمع ہونے کے سبب آؤٹر رنگ روڈ کے دو ایگزٹ پوائنٹ کو بند کردیا گیاتھا جس کے سبب آؤٹر رنگ روڈ استعمال کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔صبح کی اولین ساعتوں میں آؤٹر رنگ روڈ کے دو ایگزٹ پوائنٹس پر پانی جمع ہوجانے کے نتیجہ میں گاڑیوں کی آمد رفت مسدود ہوگئی ۔حکام نے آؤٹر رنگ روڈ کے ایگزٹ 2اور 7 کو بند کردیا تھا اور مسافرین کو ایگزٹ نمبر 1 استعمال کرنے کا مشورہ دیا جارہا تھا۔آؤٹر رنگ روڈ پر پیدا ہونے والے اس مسئلہ کے سبب او آر آر پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی اور دوپہر کے بعد حکام نے پانی کی نکاسی کے ذریعہ ایگزٹ نمبر 7 کو بحال کیا جس کے نتیجہ میں ٹریفک بحال ہوسکی۔بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں نے او آر آر پر بارش کے سبب پڑنے والے گڑھوں کی مرمت کے کاموں کا فوری آغاز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔شاہ میر پیٹ ‘ میڑچل اور پٹن چیرو کے راستہ پر پڑنے والے گڑھوں کی فوری طور پر مرمت کرنے کے اقدامات کی ہدایا ت جاری کی گئی ہے کیونکہ آؤٹر رنگ روڈ کا استعمال کرنے والی گاڑیوں کی رفتار پر ہونے والے اثرات سے ٹریفک میں خلل پیدا ہورہا ہے ۔ذرائع کے مطابق او آر آر کا استعمال کرنے والے مسافرین نے موجودہ صورتحال میں اس مصروف اور انتہائی اہم سڑک کی ابتر حالت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ او آر آر کے استعمال کے لئے مسافرین کو ٹول ٹیکس استعمال کرنا ہوتا ہے اور مسافرین صاف اور شفاف ٹریفک سے پاک سڑک کی توقع کرتے ہوئے اس سڑک کا استعمال کرتے ہیں لیکن آؤٹر رنگ روڈ پر بھی ناقص سڑک اور گڑھوں کے علاوہ ایگزٹ پوائنٹس کو بند کردیئے جانے کے نتیجہ میں جو صورتحال پید ہوئی اس سے کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔بتایاجاتا ہے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں او آر آر پر موجود ایگزٹ پوائنٹس کو بند کردئیے جانے کے سبب مسافرین کو کئی کیلو میٹر تک اگلے ایگزٹ کے لئے سفر کرنا پڑرہا تھا۔م