آوٹر رنگ روڈ کے علاقوں کو صاف ستھرا پانی سربراہ کرنے کی ہدایت

   

مشن بھگیرتا کی بروقت تکمیل اور صنعتی آبی ضروریات کیلئے منصوبہ مرتب کرنے کی چیف سکریٹری کی ہدایت

حیدرآباد ۔ 21جنوری ( این ایس ایس ) چیف سکریٹری ایس کے جوشی نے تلنگانہ کے 59صنعتی مراکز کو پانی کی ضروریات کے بارے میں 27جنوری تک تمام تفصیلات نقشہ جات پر مبنی رپورٹ داخل کرنے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی ہے ۔ چیف سکریٹری نے سکریٹریٹ میں آج منعقدہ مشن بھگیرتا کے ایک جائزہ اجلاس میں کہا کہ حکومت تلنگانہ کے اس ترجیحی پروگرام کو مقرر وقت کے مطابق مکمل کرلیا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام دیہاتوں کے ہر گھر کو پینے کا صاف ستھرا پانی سربراہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اضلاع میں مشن بھگیرتا پروگرام پر موثر عمل آوری کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو انہوں نے دیگر شعبوں کے ساتھ رابطہ میں کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ ریاست میں تلنگانہ صنعتی انفراسٹرکچر کارپوریشن کے ذریعہ خام اور صاف پانی صنعتی ضروریات سے متعلق قلیل ، وسط اور طویل مدتی منصوبے مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ ایس کے جوشی نے کہا کہ بشمول فارماسٹی ، نمز، ٹکسٹائیل پارک ، میڈیکل ڈیوائیس پارک ، ایم ایس ایم ای ، الکٹرانک مینوفیکچرنگ ، چندن ویلی انڈسٹرئیل پارک اور دیگر تمام صنعتی زونس کو پانی کی سربراہی کا منصوبہ مرتب کیا جائے ، جس میں ٹی ایس آئی آئی سی کے ذریعہ 20 تا 25سال تک طلب کے مطابق پانی کی سربراہی کا تخمینہ کرتے ہوئے ان ضروریات کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر 127-55 گرام پنچایتوں ، 118 شہری مجالس مقامی میں 23,968 آبادیوں کو صاف پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ان کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت کی ۔ علاوہ ازیں آؤٹر رنگ روڈ اور میٹرو واٹر ورکس کے حدود سے آگے بھی واقع کالونیوں ، گیٹیڈ کمیونٹیز وغیرہ کو بھی مشن بھگیرتا کے ذریعہ صاف پانی سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ چیف سکریٹری نے ہدایت کی کہ مطلوبہ مقامات پر طلب کے مطابق ریزروائرس کے ذریعہ موثر آبرسانی کو یقینی بنانے جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کی طرف سے مربوط مساعی کی جائے اور ضرورت کے مطابق پانی کے نمونوں کے معائنے کئے جائیں ۔ ایڈیشنل کمشنر و زونل کمشنر ہری چندنا ، ایڈیشنل کمشنر ( ایڈمنسٹریشن) وجیا لکشمی اور دیگر سنیٹر عہدیداروں نے اس جائزہ اجلاس میں شرکت کی ۔