آٹو ریسنگ میں ملوث 6 آٹو ڈرائیورس گرفتار

   

حیدرآباد : /25 فبروری (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقے چندرائن گٹہ میں آٹو کی ریسنگ میں ملوث 6 آٹو ڈرائیورس کو گرفتار کرلیا اور ان کے آٹوز بھی ضبط کرلئے ۔ /24 فبروری رات دیر گئے 3 آٹوز تیز رفتاری اور لاپرواہی سے آٹو کی ریسنگ کرتے ہوئے ڈی آر ڈی ایل کنچن باغ تا چندرائن گٹہ تک سنسنی پھیلادی ۔ اس حرکت کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے 6 آٹو ڈرائیورس کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما ڈیویژن مسٹر ایم اے ماجد نے کہا کہ /24 فبروری کو رات دیر گئے سید زبیر علی ، سید ساحل ، محمد ابراہیم ، محمد عنایت ، غلاف سیف الدین ، محمد سمیر اور عامر خان نے تیز رفتاری اور لاپرواہی سے اپنے آٹوز چلاتے ہوئے عوام میں سنسنی پھیلا دی تھی ۔ جب پولیس ان کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کرنے پر وہ میلاردیوپلی علاقہ کی طرف فرار ہوگئے پولیس چندرائن گٹہ نے انہیں بالآخر گرفتار کرتے ہوئے 3 آٹوز کو ضبط کرلیا ۔ اے سی پی مسٹر ماجد نے بتایا کہ مذکورہ افراد کا تعلق ٹولی چوکی سے ہے اور وہ کرایہ پر آٹو چلاتے ہیں ۔ غیرذمہ داری اور لاپرواہی سے آٹو کی ریسنگ میں ملوث ہونے پر عوام کی جان کو خطرہ لاحق ہے ۔