آٹو مسافروں کو لوٹنے والی پانچ رکنی رہزنوں کی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /12 جولائی (سیاست نیوز) آٹو مسافرین کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں لوٹ لینے والی 5 رکنی رہزنی کی ٹولی کو کارخانہ پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ انسپکٹر کارخانہ پی مدھوکر سوامی نے کہا کہ 5 رکنی رہزنوں کی ٹولی ارمان عالم ‘ اکشئے چندر شیکھر سوریا ومشی ‘ دیپک یادو ‘ ہیری راجو فرانسیس اور بی پردیپ گوڑ شیرینگ آٹو کے مسافرین کو نشانہ بنایا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ٹولی سکندرآباد ریلوے اسٹیشن ‘ جوبلی بس اسٹیشن اور ماریڈ پلی علاقوں سے تنہا سفر کرنے والے پاسنجرس یا حالت نشہ میں سفر کرنے والے آٹو مسافرین کو شیرنگ آٹو میں سوار کرلیا کرتے اور سنسان مقامات پر لے جاکر ان پر حملہ کرکے ان کے نقد رقومات اور اشیاء لوٹ لیا کرتے تھے ۔ مدھو گوڑ سوامی نے کہا کہ گرفتار رہزنوں نے سابق میں گوپالاپورم ‘ نلہ کنٹہ ‘ گھٹکیسر‘ بیگم پیٹ اور سکندرآباد ریلوے پولیس حدود میں کئی افراد کو نشانہ بنایا تھا ۔ اس ٹولی کے کئی ارکان کا تعلق مہاراشٹرا ‘ بہار اور نظام آباد سے ہے ۔ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔