پونم پربھاکر کی پیشکش، 7 ڈسمبر کی ہڑتال ملتوی کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آٹو رکشا ڈرائیورس کی یونینوں سے اپیل کی ہے کہ 7 ڈسمبر کو اپنی مجوزہ ہڑتال سے دستبرداری اختیار کریں اور 6 ڈسمبر کو حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہوں۔ آٹو ڈرائیورس کی جائنٹ ایکشن کمیٹی نے زیر التواء مطالبات کے حل کیلئے7 ڈسمبر کو ریاست گیر سطح پر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے آٹو ڈرائیورس کی مختلف یونینوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور انہیں تیقن دیا کہ حکومت مطالبات کی یکسوئی کرے گی۔ رکن کونسل پروفیسر کودنڈا رام اور سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے آٹو ڈرائیورس کے مسائل حل کرنے کی نمائندگی کی۔ جائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ مہا لکشمی اسکیم کے تحت آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت سے انہیں نقصان پہنچا ہے۔ آٹو ڈرائیورس کے نمائندے سالانہ 15 ہزار روپئے معاوضہ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ سے متعلق مسائل پیش کئے اور خودکشی سے فوت ہونے والے آٹو ڈرائیورس کے خاندانوں کو 10 لاکھ روپئے معاوضہ کا مطالبہ کیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر آٹو یونینوں نے اتفاق کیا اور کہا کہ اگر 6 ڈسمبر کو مطالبات قبول نہیں کئے گئے تو 7 ڈسمبر کو ہڑتال کی جائے گی۔1