حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) میاں پور پولیس اسٹیشن حدود میں جاریہ ہفتہ پیش آئے آٹو ڈرائیور کے بہیمانہ قتل میں ملوث تین ملزمین بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مادھا پور زون مسٹر ایم وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ 22 اگسٹ کی شب میاں پور کے علاقہ دھرما پوری چوراہا کے قریب ایک شخص کا سر پایا گیا۔ پولیس میاں پور نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور دوران تحقیقات تین افراد بشمول ایک خاتون کو اس قتل میں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 سالہ بی سریکانت یادو اور اس کی بیوی ڈی سواتی 27 سالہ اور 20 سالہ کے ناگا سینو نے آٹو ڈرائیور پراوین کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سریکانت یادو کو یہ خدشہ تھا کہ مقتول پراوین اس کے حریف گروپ کے ساتھ سازش کرتے ہوئے اس کے قتل کا منصوبہ رکھتا ہے۔