چندی گڑھ، 24 اگست (یو این آئی) آل انڈیا اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن نے اتوار کو کہا کہ آٹھویں مرکزی پے کمیشن کے قیام کے 7 ماہ قبل کئے گئے اعلان کے باوجود ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، اس پر انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا اس سلسلے میں 29 اگست کو ملک بھر کے تمام محکموں، بورڈوں، کارپوریشنوں، میونسپل کارپوریشنوں، پنچایتوں اور یونیورسٹیوں میں احتجاج کیے جائیں گے۔ تحریک کے اگلے مرحلے میں پے کمیشن کے قیام، پرانی پنشن اسکیم ، ملازمین کی ریگولرائزیشن، نجکاری پر روک، لیبر کوڈز اور نیشنل پنشن اسکیم کو واپس لینے ، خالی اسامیوں پر بھرتی، بقایا ڈی اے اور ڈی آر کی ادائیگی سمیت دیگر مطالبات کے تعلق 23 ستمبر کو ملک بھر کے ضلع صدر مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے ۔آل انڈیا اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر سُبھاش لامبا نے بتایا کہ دہلی اسمبلی انتخابات سے پہلے اور ریاستی ملازمین کے بڑھتے دباؤ کے پیش نظر مرکزی حکومت نے 16 جنوری کو آٹھویں پے کمیشن کے قیام کا اعلان کیا تھا، لیکن اب تک اس کی نوٹیفکیشن جاری نہیں کی گئی۔ آٹھویں پے کمیشن کی سفارشات ملک کے کروڑوں ملازمین اور پنشنرز پر یکم جنوری 2026 سے نافذ ہونی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت جان بوجھ کر معاملے میں دیری کر رہی ہے ، جس سے ملازمین اور پنشنرز میں غصہ بڑھتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی و ریاستی ملازمین کی تنظیمیں پرانی پنشن اسکیم کی بحالی کیلئے طویل عرصے سے جدوجہد کر رہی ہیں، لیکن مرکزی حکومت نے او پی ایس کی جگہ این پی ایس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔