آٹھ لاکھ منسوخ شدہ سفید راشن کارڈ گیرندوں کو امداد

   

حیدرآباد۔/13 مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کی طرف سے اُن آٹھ لاکھ سفید راشن کارڈس گیرندوں کو راحت پہونچائی جاسکتی ہے جن کے کارڈس مختلف وجوہات کے سبب منسوخ کردیئے گئے تھے اور وہ غریب خاندان لاک ڈاؤن کے درمیان راشن سے محروم رہے ہیں‘اب اس سے استفادہ کرسکیں گے۔ باور کیا جاتا ہے کہ اس ضمن میں گزشتہ روز فیصلہ کیا گیا اور مسئلہ اب چیف سکریٹری کے اجلاس پر زیر تصفیہ ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ راشن شاپس پر سفید کارڈ پر 12 کیلو چاول مفت اور 1500 روپئے نقد فراہم کئے جارہے ہیں۔ کوویڈ19- کو پھیلنے سے روکنے کیلئے نافذ ملک گیر لاک ڈاؤن کے پیش نظر حکومت کی طرف سے غریبوں کو بطور امداد یہ اناج اور نقد رقم فراہم کی جارہی ہے۔ تلنگانہ میں 87.55 لاکھ سفید راشن کارڈس ہیں۔ جس کا مطلب یہ ہوا کہ اگر ایک خاندان میں پانچ ارکان ہیں تو انہیںماہِ مئی میں اوسطاً 60 کیلو چاول فراہم کئے گئے۔ اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے87.55 لاکھ راشن کارڈ گیرندوں کے اعتبار سے ہر خاندان کو ایک کیلو تور دال اور 500 روپئے نقدفراہم کئے گئے ہیں۔ اس طرح 1115 کروڑ روپئے نقد تقسیم ہوئے ہیں۔ جن دھن کھاتے رکھنے والوں کو فی کس 500روپئے بھی دیئے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں 54.24 افراد کے پاس جن دھن کھاتے ہیں جس کا مطلب یہ ہوا کہ ان کھاتوں میں 271 کروڑ روپئے جمع کئے جارہے ہیں۔