حیدرآباد۔ 2 فروری (سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے آپریشن اسمائیل کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 254 مقدمات کو درج کرلیا۔ بچہ مزدوری، گمشدہ بچوں کی تلاش اور بچوں کو ان کے حقوق فراہم کرنے کے لئے کی جارہی اس کوشش کے تحت سائبرآباد پولیس کی جانب سے منعقد یہ 10 واں آپریشن تھا جو یکم تا 31 جنوری منعقد کیا گیا۔ اس دوران سائبرآباد پولیس کی گیارہ ٹیموں نے اپنی خدمات انجام دیں اور مختلف شعبوں اور مقامات سے 718 بچوں، لڑکے اور لڑکیوں کو برآمد کیا جن میں بچہ مزدوری اور ترک تعلیم کے علاوہ بھیک مانگنے والے بچے شامل ہیں۔ آپریشن کے تحت 661 لڑکے اور 57 لڑکیوں کو بچالیا گیا۔ 609 لڑکے بچہ مزدوری کے دوران اور 31 لڑکیوں کو بچہ مزدوری سے راحت فراہم کی گئی۔