آپریشن بلیواسٹار کی برسی کے موقع پر منعقدہ سماگم پرامن طور پر اختتام پذیر

   

امرتسر 6 جون (یو این آئی) 6 جون 1984 کو پنجاب کے امرتسر میں سری دربار صاحب پر فوج کی طرف سے کئے گئے آپریشن بلیوا سٹار کی 41 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ سماگم جمعہ کو پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گیا۔اس موقع پر فوجی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والوں کی یاد میں شروع کیے گئے سری اکھنڈ پاٹھ صاحب کا بھوگ (تکمیل) پڑھا گیا اور ارداس کی گئی۔سری اکال تخت صاحب کے قائم مقام جتھیدار کلدیپ سنگھ گڑگج نے سکھ برادری کے لیے روایتی طور پر سری اکال تخت صاحب کے فصیل سے جاری کیا جانے والا پیغام جاری نہیں کیا۔ انہوں نے ارداس کی اور سکھ برادری سے اپیل کی کہ پنجاب کو میدان جنگ نہ بننے دیا جائے ۔ انہوں نے قید سکھوں کی رہائی کے لیے بھی ارداس کی اور کہا کہ والونت سنگھ راجوانہ کی رہائی کے لیے کوششیں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے ہمارے گرودواروں پر حملہ کیا۔ اس دوران کئی سکھ مارے گئے جن کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔