آپریشن سندور ختم نہیں ہوا، وقتی طور پر معطل :بریگیڈیئر مہاجن

   

جموں،20مئی(یو این آئی) پونچھ بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر مدت مہاجن نے منگل کے روز کہا کہ “آپریشن سندور” کے دوران پاکستانی فوج کو نہ صرف جانی نقصان ہوا بلکہ اس کا حوصلہ، ساکھ اور جنگی پیش قدمی کی صلاحیت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔پونچھ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بریگیڈیئر مہاجن نے کہا: ‘پاکستانی فوج کا نقصان صرف اعداد و شمار تک محدود نہیں، بلکہ ان کا حوصلہ اور اپنی قوم کے سامنے ان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ دشمن کو مہلک اور غیر مہلک جانی نقصانات کی بھاری قیمت چکانی پڑی ہے ، اور یہ اعداد و شمار وقت کے ساتھ بڑھتے جا رہے ہیں۔ آپریشن سندور ختم نہیں ہوا ہے ، بلکہ وقتی طور پر معطل ہے ۔بریگیڈیئر مہاجن نے کہا کہ پونچھ بریگیڈ نے آپریشن سندور کے دوران فیصلہ کن کردار ادا کیا اور دشمن کی بلااشتعال جارحیت کا فوری اور شدید جواب دیا۔پونچھ بریگیڈ محض ایک حصہ نہیں بلکہ آپریشن سندور کا دل تھی۔ ہماری کارروائیاں مسلسل اور انتہائی شدید تھیں جنہوں نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ ہم نے ردعمل کا انتظار نہیں کیا بلکہ پیش قدمی کی۔انہوں نے کہاکہ پہلگام میں پاکستان کی پشت پناہی سے کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے بعد، بھارتی فوج نے انتہائی منصوبہ بند، ہدف شدہ اور مؤثر جوابی کارروائیاں کیں۔نو کلیدی دہشت گرد اہداف میں سے چھ کو جو پونچھ، راجوری اور اکنور کے سامنے واقع تھے اُسی رات مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔