نئی دہلی:ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹ اسٹار سچن ٹنڈولکر نے اتحاد میں بے خوفی، طاقت میں کوئی حد نہیں کے الفاظ میں آپریشن سندورکے تحت ہندوستانی افواج کی کارروائی کو سراہا، جس کا مقصد پاکستان میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنا تھا۔ تنڈولکر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں افواج کے حوصلے اور جذبے کو سلام پیش کیا اور کہا کہ قوم کی سلامتی کے لیے ان کا اقدام قابل فخر ہے۔ ہندوستانی افواج نے صبح کے ابتدائی اوقات میں پاکستان کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نو دہشت گرد ٹھکانوں کو ہدف بناتے ہوئے میزائل حملے کیے۔
روہت شرما سبکدوش
نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹسٹ کرکٹ سے فوری سبکدوش ہونے کا اعلان کردیا ہے ۔ تاہم انھوں نے ونڈے میں ہندوستان کی نمائندگی جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیاہے۔ اگلے ماہ دورۂ انگلینڈ سے قبل روہت شرما نے ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیاہے ۔ سیدھے ہاتھ کے دھماکو اوپنر نے 67 ٹسٹ مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 4,301 رنز اسکور کئے ہیں جس میں 12 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں لیکن گھریلو سیریز میں نیوزی لینڈ اور بارڈر گواسکر سیریز میں آسٹریلیا کیخلاف ٹیم کی شکست کے علاوہ انفرادی مظاہرے بھی مایوس کن رہے ۔