7کل جماعتی پارلیمانی وفود کی تشکیل‘مختلف بیرونی ممالک کا دورہ
نئی دہلی ۔17؍مئی (ایجنسیز)دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی موثر کارروائی کے بعد حکومت نے ایک نئی حکمت عملی اپنائی ہے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کے دہشت گرد نیٹ ورک اور جھوٹ کو بے نقاب کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے مرکزی حکومت نے سات کثیر پارٹی پارلیمانی وفود تشکیل دیے ہیں جو مختلف ممالک کا دورہ کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ان سات وفود میں ہر پارٹی کے تجربہ کار ارکان شامل ہیں جن میں سے ایک وفد کی قیادت کانگریس رکن پارلیمنٹ اور عالمی سفارت کاری کے ماہر ڈاکٹر ششی تھرور کے سپرد کی گئی ہے۔ ششی تھرور، جو اقوام متحدہ میں اعلیٰ عہدہ پر خدمات انجام دے چکے ہیں، ہندوستان کی عالمی سطح پر مضبوط آواز سمجھے جاتے ہیں۔یہ وفود مختلف ممالک میں جا کر حکومتوں، تھنک ٹینک اور میڈیا سے رابطہ کریں گے اور پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کو فروغ دینے کی حقیقت واضح کریں گے۔ خصوصاً 11/26 حملے، پلوامہ اور حالیہ پہلگام کے بیسرن وادی میں بے گناہ سیاحوں پر حملے جیسے واقعات کو نمایاں کریں گے۔آئندہ ماہ کے آخر میں یہ وفود اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے اراکین اور دیگر اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کریں گے تاکہ آپریشن سندور اور سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی مستقل جدوجہد کی تفصیلات پیش کی جا سکیں۔ساتوں وفود کی قیادت ارکان پارلیمنٹ ششی تھرور (کانگریس)‘روی شنکر پرساد (بی جے پی)‘سنجے کمار جھا (جنتا دل یو)‘بیجینت پانڈا (بی جے پی)‘کنی موڑی کروناندھی (ڈی ایم کے)‘سپریا سولے (این سی پی)‘شریکانت ایکناتھ شندے (شیوسینا) کررہے ہیں۔مختلف پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کی قیادت میں سات کل جماعتی وفود مختلف ممالک کا دورہ کرکے دنیا کو دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے سخت موقف (زیرو ٹالرینس) کا پیغام پہنچائیں گے ۔پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی اور بتا یا کہ سات کل جماعتی وفود اس ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک سمیت اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ سیاست اور اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی اتحاد کی مضبوط عکاسی ہے ۔ہر وفد میں مختلف جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ، اہم سیاسی شخصیات اور نامور سفارت کار شامل ہوں گے ۔