فوج ہر چیلنج کا جواب دینے کیلئے ہمیشہ تیار ،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا نیول کمانڈرس کانفرنس سے خطاب
نئی دہلی، 23اکتوبر(یو این آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے نیول کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور ہندوستان کی قوت ارادی اور صلاحیت کی علامت تھا اور دنیا کیلئے یہ پیغام تھا کہ ہم ہر چیلنج کا جواب دینے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔ وزیر دفاع نے ہندوستانی بحریہ کی تعریف کی کہ اس نے روک تھام کی ایسی پوزیشن قائم کی جو پاکستان کو بندرگاہ یا اپنی ساحلی حدود کے قریب رہنے پر مجبور کر دیا اور اس آپریشن کے دوران بحریہ کی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور طاقت کا عالمی سطح پر مشاہدہ کیا گیا۔ انہوں نے ہندوستانی بحریہ کی انڈین اوشن ریجن (آئی او آر) میں موجودگی کو دوست ممالک کیلئے اطمینان اور ان کیلئے تکلیف دہ قرار دیا جو خطے کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہاکہ انڈین اوشن ریجن (آئی او آر) آج معاصر جیوپولیٹکس کا مرکز بن چکا ہے ۔ یہ اب صرف غیر فعال علاقہ نہیں رہا بلکہ مقابلہ اور تعاون کا میدان بن گیا ہے ۔ ہندوستانی بحریہ نے اپنی کثیرجہتی صلاحیتوں کے ذریعہ خطے میں قیادت کا کردار ادا کیا ہے ۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران، ہمارے جہاز، آبدوزیں اور بحریہ کے طیارے بے مثال پیمانے پر تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہماری بحریہ نے تقریباً 335 تجارتی جہازوں کو محفوظ گزرگاہ فراہم کی ہے ، جس میں تقریباً 1.2 ملین میٹرک ٹن مال اور 5.6 ارب ڈالر کی تجارتی مالیت شامل ہے ۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان اب عالمی بحری معیشت میں ایک معتبر اور اہل شریک کار بن گیا ہے ۔وزیردفاع نے خود انحصار بحریہ کو ایک پر اعتماد اور طاقتور قوم کی بنیاد قرار دیتے ہوئے ہندوستانی بحریہ کی تعریف کی کہ اس نے ملک ہی میں تیار کئے گئے آلات کے ذریعے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیاہے اور آتم نربھر بھارت کا علم بردار بن کر ابھرا ہے۔ گزشتہ دس سال میں بحریہ کے تقریباً 67 فیصد سرمایہ کاری کے معاہدے ہندوستانی صنعتوں کے ساتھ ہوئے ہیں۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ ہم اب صرف درآمدات پر منحصر نہیں ہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں(ایم ایس ایم ایز) اور اسٹارٹ اپس پر انحصار کرتے ہیں۔ فی الحال، ہندوستانی بحریہ 194 اختراعی اور ملکی ساختہ منصوبوں پر کام کر رہی ہے جوایس پی آر آئی این ٹی، ٹی ڈی ایف، آئی ڈی ای ایکس اور میک این انڈیا کے تحت ہیں۔ ان اقدامات نے نہ صرف بحریہ کو تکنیکی طور پر خود مختار بنایا ہے بلکہ نجی صنعتوں اور نوجوان کو بھی اس مشن کا حصہ بنایا ہے ۔حالیہ دنوں ہندوستان کی آپریشن سندور کے دوران بحریہ کے رول کی بھرپور ستائش کی گئی۔ حکومت نے فوج کے تینوں شعبوں فضائیہ ، بحریہ اور زمین پر مستحکم کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے اور تینوں شعبوں کو عصری ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس کیا جارہا ہے۔
