16 سو گاڑیوں کی ضبطی ۔ شہر میں قتل کے واقعات پر عوام میں تشویش
حیدرآباد 6 دسمبر ( سیاست نیوز ) شہر میں کل رات اچانک کئے گئے آپریشن کووچ میں 5 ہزار پولیس ملازمین نے 15 ہزار گاڑیوں کی تلاشی لی اور 1600 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ۔ اس کارروائی کا شخصی جائزہ لینے کے بعد کمشنر پولیس سجنار نے رات دیر گئے کمانڈ کنٹرول سے راست مشاہدہ بھی کیا ۔ کل رات ساوتھ ویسٹ زون کے ٹولی چوکی اور ساوتھ زون میں گلزار حوض پر کارروائی میں شریک کمشنر پولیس نے کہا کہ آپریشن کووچ جاری رہے گا یہ ایک دن کی کارروائی نہیں تھی بلکہ ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے 150 مقامات پر تلاشی لی گئی ۔ کمشنر نے کہا کہ شہر کو جرائم سے پاک اور شہریوں کیلئے پر سکون ماحول فراہم کرنے ایسے اقدامات مددگار ثابت ہوں گے ۔ کل رات 8 افراد کو حراست میں لیا گیا اور گانجہ بھی ضبط کیا گیا ۔ عوام میں بھروسہ قائم کرنے اور ان میں اطمینان پیدا کرنے کہ شہر محفوظ ہے ایسے اقدامات جاری ہیں تاہم دوسری طرف کمشنر کی سنجیدگی اور ماتحت عملہ کی لاپرواہی پر سوالیہ نشان اٹھائے جارہے ہیں ۔ محض احکامات تک نہیں بلکہ اقدامات کو بھی انجام دینے اور شخصی طور پر کارروائی میں شریک کمشنر سجنار کے متعلق شہری اطمینان میں ہیں لیکن یہ سوال بھی پیدا ہورہے ہیں کہ پولیس پر عائد الزامات کا کیا ہوگا ۔ شہر میں بے چینی اور شہریوں میں تشویش غم و غصہ کا سبب بننے والے رین بازار قتل کیس میں پولیس کی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ کمسن بچیوں کو یتیم بنانے والے قاتل اور ان کی سرپرستی کرنے والے کیوں آزاد ہیں ۔ عدم کارروائی کیلئے لاکھوں روپئے لینے کے الزامات کا سامنا کررہی پولیس کیا واقعی سیاسی دباؤ میں خاموش ہے ۔ ایسے چند سوالات ان گوشوں سے سامنے آرہے ہیں جو جنید کے قتل پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں اور کمشنر پولیس سے مطالبہ کررہے ہیں وہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔ ع