بی آر ایس سربراہ کی صحت مستحکم ، دو یا تین دن میں ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوں گے
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کولہے کی ہڈی کی سرجری کامیاب ہونے کے بعد سوماجی گوڑہ یشودھا ہاسپٹل میں ڈاکٹرس کی نگرانی میں ہے اور وہ آہستہ آہستہ صحت یاب ہورہے ہیں ۔ آپریشن کے بعد ڈاکٹرس نے انہیں پہلی مرتبہ چلایا ۔ بی آر ایس کے سربراہ نے ڈاکٹرس کی ہدایت پر واکر کی مدد سے آہستہ آہستہ قدم اٹھائے ۔ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر اس کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کیا ہے ۔ جنہیں دیکھ کر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عوام کے سی آر کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں اور دوبارہ عوامی خدمات میں واپس آنے کی خواہش کا اظہار کررہے ہیں ۔ سوماجی گوڑہ یشودھا ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے بتایا کہ سرجری کے بعد کے سی آر کی صحت میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلد از جلد صحت یابی کے لیے کے سی آر کا بدن پوری طرح تعاون کررہا ہے اور ساتھ ہی کے سی آر ذہنی طور پر بھی پوری طرح مضبوط ہے ۔ ڈاکٹرس نے توقع ظاہر کی دو تا تین دن میں سابق چیف منسٹر کو ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا جائے گا ۔ دریں اثناء بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر جمعرات کی رات کو اپنے فارم ہاوز واقع اراولی کی قیام گاہ کے باتھ روم میں پاؤں پھسل کر گر گئے تھے ۔ ان کے ارکان خاندان نے کے سی آر کو سوماجی گوڑہ کے یشودھا ہاسپٹل میں شریک کرایا تھا ۔ جہاں ڈاکٹرس کی ٹیم نے ان کا سی ٹی اسکیان کے علاوہ مختلف طبی ٹسٹ کیے تھے جس میں پتہ چلا کہ کے سی آر کے بائیں پیر کے کولہے کے حصہ میں فریکچر آیا ہے ۔ ہیلت بلیٹن جاری کرتے ہوئے ڈاکٹرس نے یہ بات بتائی تھی ۔ کل رات ہی ڈاکٹرس نے سابق چیف منسٹر کے کولہے کی تبدیلی کی سرجری کی جس کے بعد وہ صحت یاب ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹرس نے انہیں 6 تا 8 ہفتے تک آرام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کی صحت مستحکم ہے ۔۔ ن
