حیدرآباد 23اگست (یو این آئی) خاندانی منصوبہ بندی آپریشن کے دوران ڈاکٹرس کی لاپرواہی سے پیٹ میں روئی کے بھول جانے کے نتیجہ میں خاتون کی موت ہوگئی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ناگرکرنول ضلع کے اچم پیٹ میں پیش آیا جہاں قبائلی خاتون روجا حاملہ تھی جس کو15 اگست کو سرکاری اسپتال میں داخل کرایا جہاں خاتون نے ایک لڑکے کو جنم دیا لیکن اسی دن خاندانی منصوبہ بندی کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹروں نے غلطی سے پیٹ میں روئی بھول کر ٹانکے لگا دیئے ۔روجا کو دوبارہ ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا اور ڈاکٹرس کے مشورہ پر خانگی ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد حیدرآباد لے جانے کامشورہ دیا۔ روجاکی اسی رات حیدرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں دوران علاج موت ہوگئی۔ چہارشنبہ کو نعش کے ساتھ رشتہ داروں نے سرکاری ہاسپٹل کے سامنے احتجاج کیا۔