آپسی اتحاد، اولاد کی دینی تربیت وقت کی ضرورت

   

کریم نگر میں جمعیۃ العلماء کے زیر اہتمام جلسہ، مفتی ابوبکر قاسمی، مفتی محمود زبیر قاسمی و دیگر کا خطاب

کریم نگر۔ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیۃ علماء ہند کریم نگر کے زیر اہتمام اور جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے زیر انتظام اجلاس بعنوان’’ حالات حاضرہ وشعور بیداری‘‘ بمقام کریم نگر کنونشن کریم نگر میں منعقد ہوا،اجلاس کا آغاز حافظ محمد معظم حسین فیضی خازن جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی قرأت کلام پاک سے ہوا،حافظ سید رضوان فلاحی سکریڑی جمعیۃ الحفاظ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا،بعد ازاں مفتی ابوبکر جابر قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئے دن اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعہ یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ مسلم لڑکیاں غیر مسلم لڑکوں کے ساتھ شادی کرکے اپنے ایمان سے ہاتھ دھورہی ہیں،ایسے حالات میں سب سے پہلے تو والدین کو چاہئے کہ اولاد کی تربیت ہی اس انداز سے کریں کہ لڑکیاں چاہے کچھ بھی ہوجائے اپنی حیاء اور اپنے دین کا سودا کرنے پر کسی قیمت راضی نہ ہوں،ان کے سامنے ابتدائی ہی سے صحابیات کی پاکیزہ زندگیاں بیان کریں ۔ جب اسکولوں کا انتخاب کریں ،تو ایسے اسکول ہی میں داخلہ کرانے کی کوشش کریں جہاں لڑکے اور لڑکیوں کے لئے الگ الگ تعلیم کا نظام ہو،جہاں تعلیم سے زیادہ تربیت پر توجہ دی جائے،جہاں سے تعلیم پاکر لڑکیاں اپنا اور اپنے والدین کا نام روشن کرنے والی بنیں نہ کہ ملت کو شرمسار کریں۔ مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کا متحد ہونا بے انتہا ضروری ہے، مسلمانوں کا آپسی اتحاد و اتفاق ہی مسلمانوں کے مسائل کا حل ہے۔ مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انڈیا نے کہا کہ ملک کے ناگفتہ بہ حالات میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم لوگ دعوت کے کام کو لے کر کھڑے ہوجائیں، برادران وطن کے سامنے اسلام کا تعارف کروائیں ۔ دشمن چاہے جتنی بھی کوشش کرلیں اس ملک سے مسلمانوں کے تشخص کو مٹا نہیں سکتا، اسلام تو ہردور میں غالب آکر رہے گا، ہمیں صبر اور استقامت سے کام لینا چاہیے اور حالات کی تبدیلی، بہتر مستقبل کے لئے کوشاں رہنا چاہئے۔ مفتی محمد یونس القاسمی صدر جمعیۃ علماء کریم نگر، مولانا عمر فاروق قاسمی نقشبندی صدر سٹی جمعیۃ علماء کریم نگر ،حافظ ضیاء اللہ خان نائب صدر جمعیۃ الحفاظ، جناب خیر الدین امیر مقامی جماعت اسلامی، جناب عبد السمیع امیر جماعت اہلحدیث، جناب بلیغ احمد خان امیر تبلیغی جماعت، جناب سید افضل تبلیغی جماعت، جناب کمال الدین اے ون کٹراکٹر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔