ممبئی : شیوسینا کے یوم تاسیس کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ جب کانگریس اقتدار میں تھی تو کہتے تھے کہ’ اسلام‘ خطرے میں ہے، لیکن اب جب کہ بی جے پی پچھلے 10 سال سے اقتدار میں ہے،ہندو جن آکروش مورچہ نکالا جا رہا ہے۔ اس کا صاف مطلب ہے کہ آپ اقتدار چلانے کے قابل نہیں ہیں۔ خبر کے مطابق ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ کشمیر اور منی پور میں ہندو مارے جا رہے ہیں اور آپ حزب اختلاف کو ختم کر نے میں مصروف ہیں۔شمال مشرقی ریاست میں جاری جھڑپوں اور تشدد کے درمیان پی ایم مودی کے آئندہ امریکی دورے پر مرکز اور بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ منی پور میں ڈبل انجن والی حکومت پٹری سے اتر گئی ہے۔منی پور جل رہا ہے اور وزیر اعظم دورہامریکہ کی لذتوں سے سرشار ہیں۔ ٹھاکرے نے پوچھا کہ اگر آپ وزیر اعظم کو سورج کہہ رہے ہیں تو منی پور میں سورج کیوں نہیں نکل رہا؟منی پور میں ڈبل انجن والی حکومت پٹری سے اتر گئی ہے۔ امت شاہ نے ریاست کا دورہ کیا، لیکن وزیر اعظم نہیں گئے۔مشتعل ہجوم بی جے پی رہنماؤں اور وزراء کے گھروں کو جلا رہے ہیں۔ ہمیں خوشی ہونی چاہیے کہ منی پور میں بی جے پی رہنماؤں کو مارا پیٹا جا رہا ہے۔منی پور ملک کا حصہ ہے اور آپ اس پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ کسی کو بھی اس طرح نہیں مارنا چاہیے، خواہ وہ ہمارے سیاسی مخالفین ہی کیوں نہ ہوں۔ یہ ہمارا’ ہندوتوا ‘ہے۔ خیال رہے کہ مہاراشٹر میں ایسا پہلی بار ہوا ہے جب ایکناتھ شندے اور ادھو ٹھاکرے نے شیو سینا کا یوم تاسیس الگ الگ منایا ہے۔