نئی دہلی، 3 ستمبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی کرکٹر ویراٹ کوہلی نے 4 جون کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، جب رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی پہلی آئی پی ایل ٹرافی کی خوشی ایک سانحے میں بدل گئی اور بھگدڑ کے باعث 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔کوہلی نے کہا کہ جو دن فرنچائز کے لیے سب سے خوشی کا لمحہ ہونا چاہیے تھا، وہ ایک المیہ بن گیا، اور اب یہ نقصان ٹیم کی کہانی کا حصہ ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا زندگی میں کچھ بھی آپ کو ایسے دل ٹوٹنے کے لیے تیار نہیں کرتا جیسا کہ 4 جون کو ہوا۔ جو لمحہ ہماری فرنچائز کی تاریخ کا سب سے خوشی بھرا دن ہونا چاہیے تھا… وہ ایک سانحے میں بدل گیا۔ میں نے اْن خاندانوں کے لیے دعا کی ہے جنہیں ہم نے کھو دیا… اور اْن مداحوں کے لیے جو زخمی ہوئے۔ آپ کا نقصان اب ہماری کہانی کا حصہ ہے۔ ہم سب مل کر احتیاط، احترام اور ذمے داری کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔آئی پی ایل ٹرافی جیتنے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلورو نے’آر سی بی کیئرز‘ نامی ایک نئی مہم شروع کی ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے سانحات سے بچنے کے لیے کرکٹ بورڈ اورکرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن کے ساتھ مل کر بہتر ہجوم مینجمنٹ پروٹوکول تیارکیے جائیں۔ یاد رہے کہ فرنچائز پہلے ہی ہر متاثرہ خاندان کو 25 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کرچکی ہے۔ آر سی بی کیئرز کے تحت اب مداحوں کی فلاح و بہبود اور معاونت کے لیے طویل المدتی اقدامات کیے جائیں گے۔