آپ کوئی بھی بٹن دباؤگے، ووٹ ’بی کے پی ‘ کو ہی جائے گا! بی جے پی امیدوار کی دھمکی ، الیکشن کمیشن نے دیا نوٹس

,

   

ہریانہ اسمبلی انتخابات کی ریلی کے موقع پر جند ضلع کی اسندھ سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار اور موجودہ رکن اسمبلی بخشی سنگھ وِرك کے ایک بیان کا ویڈیو وائرل ہونے پر سنسی خیز ہنگامہ مچ گیا ہے جس میں انہوں نے لوگوں کو دھمکی آمیز انداز میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کوئی بھی بٹن دباؤگے، ووٹ بی جے پی کو ہی جائے گا۔ ورك کا یہ بیان اسندھ اسمبلی حلقہ میں ایک ریلی کو خطاب کرنے کے دوران کا بتایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا میں وائرل اس ویڈیو میں مسٹر ورك کہتے ہوئے نظررہے ہیں کہ “آج اگر آپ نے غلطی کی تو پانچ سال اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ ہمیں یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ کس نے کہاں پر ووٹ ڈالا ہے۔اگر کہو گے تو بتا بھی دیں گے۔مودی جی (وزیر اعظم نریندر مودی)، منوہر لال (وزیر اعلی منوہر لال کھٹر) کی نظریں بہت تیز ہیں۔آپ کوئی بھی بٹن دباؤگے ووٹ پھول کو ہی جائے گا۔ ہم نے مشینیں (الیکٹرانک ووٹنگ مشین) میں پرزہ سیٹ کئے ہوئے ہیں۔

امیدوار ورك نے ویڈیو کو غلط بتایا اور الزام لگایا کہ ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ ادھر جن نایک جنتا پارٹی کے لیڈر دشینت چوٹالہ، کانگریس کے سابق ریاستی صدر اشوک تنور نے رکن اسمبلی کے بیان کو شرمناک اور بے تکا قرار دیا ہے۔ مسٹر تنور نے کہا کہ وہ تو پہلے ہی ای وی ایم میں گڑبڑی کا اندیشہ ظاہر کرچکے ہیں اور بی جے پی امیدوار کے بیان سے یہ بات صاف طور پر واضح ہو چکی ہے۔ اس دوران (جے جے پی) نے الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر شکایت دے کر ورك کے خلاف کارروائی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور ہر ایک ووٹ اپنی پارٹی کو جانے کا دعوی کرنے والے ہریانہ کے آسند سے بی جے پی کے امیدوار کو الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیجا ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ونے پرتاپ سنگھ نے کہا ، ’’ہم نے بی جے پی کے امیدوار سے جواب مانگا ہے۔‘‘آپ کو بتا دیں کہ کانگریس کے لیڈر اور سابق رکن پارلیمان دپیندر ہوڈا نے وِرک کی ایک ویڈیو کو ٹویٹ کیا تھا۔