نئے ٹسٹ کے ذریعہ کورونا وائرس کا فوری پتہ چلانے کی سہولت، مریض جہاں ہے وہیں ٹسٹ کیا جاسکتا ہے
نیویارک ۔ /22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ہیلت اینڈ ہیومن سرویس سکریٹری الیکس نے بتایا کہ کورونا وائرس کا ٹسٹ اب 45 منٹ میں کیا جاسکتا ہے ۔ آپ کو کورونا وائرس ہے یا نہیں اس کا پتہ صرف 45 منٹ میں چل جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جس ٹسٹ کو منظوری دی ہے اس سے امریکیوں کیلئے بڑی راحت حاصل ہورہی ہے ۔ امریکہ فوڈ اینڈ ڈرگ اڈمنسٹریشن نے کورونا وائرس کیلئے ایک ایسے ٹسٹ کو منظوری دی ہے جو پرانے ٹسٹ کے مقابلہ کافی تیزی سے نتیجہ دینے کا اہل ہے ۔ یہ ٹسٹ مریض جہاں موجود ہے وہاں جاکر بھی کیا جاسکتا ہے ۔ ٹسٹ سے صرف 45منٹ میں پتہ چلتا ہے کہ شخص کو کورونا وائرس ہے یا نہیں ۔ اس ٹسٹ کو کیلیفورنیا کی دوا ساز کمپنی سیفیڈ نے تیار کیا ہے ۔ اس ٹسٹ سے سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ سنگین معاملت کی صورت میں جلد سے جلد انفیکشن کا پتہ لگایا جاسکے گا اور علاج شروع کیا جاسکے گا ۔ امکان ہے کہ آئندہ ہفتہ تک امریکہ میں اس کا استعمال شروع ہوجائے گا ۔ فی الحال جس ٹسٹ کا استعمال کیا جارہا ہے اس سے مرض معلوم کرنے کیلئے دو دن تک کا وقت لیا جاتا ہے ۔ /30 مارچ تک نئے ٹسٹ کے ذریعہ علاج شروع کیا جائے گا ۔ دواساز کمپنی سیفیڈ کے مطابق 23 ہزار جین ایکسپرٹس ٹسٹ سسٹم کو پوری دنیا میں بھیجا جائے گا ۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک اس ٹسٹ کے ذریعہ مریضوں میں وائرس کی موجودگی کا فوری پتہ چلاسکیں گے ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے امریکہ کے دواخانے اور ہیلت کیئر انسٹی ٹیوٹ کافی دباؤ کا شکار ہیں ۔ امریکہ میں صحت عامہ کو لیکر تشویش بڑھتی جارہی ہے ۔ اس لئے کورونا وائرس کا پتہ چلانے کیلئے سائنسداں کام کررہے ہیں ۔ سیفیڈ کے چیف میڈیکل اینڈ ٹکنالوجی آفیسر ڈاکٹر ڈیوڈ پرسونگ نے بتایا کہ نیا ٹسٹ جلد نتیجہ دیتا ہے ۔