حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے ریاست میں آکسیجن سلینڈرس ری فیلنگ کے نام پر سرگرم مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔ پارٹی کے ترجمان سید نظام الدین نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں آکسیجن کی قلت سے فائدہ ا ٹھاتے ہوئے ری فیلنگ مافیا سرگرم ہوچکا ہے جو مریضوں کو آکسیجن کی سربراہی میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مافیا ٹی آر ایس کے بعض قائدین اور عہدیداروں کی ملی بھگت کے ذریعہ سرگرم ہیں۔ آکسیجن سلینڈرس کی ری فیلنگ کیلئے 200 روپئے وصول کئے جانے چاہئے لیکن عوام سے 3000 روپئے وصول کئے جارہے ہیں ۔ مرکزی حکومت نے تمام صنعتی اداروں کو طبی ضرورتوں کے تحت آکسیجن کی پیداوار اور فروخت کی اجازت دی ہے جبکہ تلنگانہ حکومت نے چند منتخب کمپنیوں کو ری فیلنگ کی اجازت دی ہے ۔ یہ کمپنیاں اپنی اجارہ داری کے ذریعہ مارکٹ میں آکسیجن کی قلت پیدا کر رہے ہیں جس سے کورونا کا شکار مریضوں کے علاج میں دشواری ہورہی ہے ۔ عوام زائد قیمت پر آکسیجن کے حصول کے لئے مجبور ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ریاست کی تمام صنعتوں کو میڈیکل آکسیجن کی تیاری ری فیلنگ کی اجازت دے تاکہ عوام کو سہولت ہو۔ اس سلسلہ میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے مداخلت کی اپیل کی گئی ہے جو کووڈ ٹاسک فورس کے صدرنشین ہیں۔