آگرہ: آگرہ شہر کی فضا کو بگاڑنے کی سازش میں شامل ایک شخص کو پولیس نے جمعہ کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی دیر رات شاہی جامع مسجد میں ایک جانور کا کٹا ہوا سر پھینکا گیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے نظیرالدین نامی شخص کو گرفتار کیا ہے ۔ اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ اس کے ساتھ دیگر تین افراد بھی تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نظیر الدین عرف کلو ولد صلاح الدین تھانہ منٹولہ کے ڈھولی کھار علاقے کا رہنے والا ہے ۔ موجودہ وقت میں یہ شاہ گنج کے کولہائی علاقے میں خاندان کے ساتھ رہتا ہے ۔ پولیس جانچ میں اشارے ملے ہیں کہ یہ کام شہر کی فضا کو بگاڑنے اور مذہبی منافرت پھیلانے کی نیت سے کیا گیا۔ یہ بھی جانکاری ملی ہے کہ کلو ذہنی طور سے معذور ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ اس سے یہ کام کرانے والا کوئی اور ہو۔ پوچھ گچھ کے بعد ہی سچائی کا پتہ چل سکے گا۔