آگرہ : آگرہ شہر کے تاج گنج پولیس علاقہ میں تشدد اس وقت بھڑک اٹھا جب برہم ہجوم نے پولیس کے ساتھ مدبھیڑ کی اور پولیس پوسٹ کو نذرآتش کردیا۔ ایک سڑک حادثہ میں ایک شخص کی موت کے بعد برہم ہجوم تشدد پر اتر آیا۔ پولیس چوکی کے علاوہ کئی موٹرگاڑیوں کو آگ لگادی۔ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ضلع میں ٹریکٹر الٹ جانے کے بعد ایک شخص شدید زخمی ہوا تھا اسے دواخانہ میں شریک کیا گیا لیکن دوران علاج وہ فوت ہوگیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس آگرہ رینج ستیش گنیش نے کہا کہ بعض روڈی عناصر نے پولیس چوکی میں توڑپھوڑ کی اور اسے آگ لگادی۔ بعض موٹرگاڑیوں کو بھی نذرآتش کیا گیا۔ یہ عناصر لا اینڈ آرڈر کو درہم برہم کرنا چاہتے تھے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہجوم پر قابو پایا۔ متوفی شخص کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ اس علاقہ میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔ یہاں احتیاطی اقدامات کے طور پر زائد فورس تعینات کی گئی ہے۔ جن لوگوں نے سرکاری اور خانگی املاک کو نقصان پہنچایا ہے ان کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کی گئی ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔