آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت ،مختلف شہروں میں احتجاج

   

لکھنؤ میں تین روزہ سوگ‘ کشمیر میں ہڑتال کا اعلان‘ احتجاجی مظاہرے‘اسرائیل اور امریکہ کیخلاف نعرے

نئی دہلی ۔یکم ؍ مارچ ( ایجنسیز ) : ایران کی جانب سے اپنے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی امریکی۔اسرائیلی حملے میں شہادت کی تصدیق کے بعد ہندوستان کے مختلف علاقوں میں اتوار کو احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اترپردیش، جموں و کشمیر، تلنگانہ، دہلی اور کرناٹک سمیت کئی ریاستوں میں شیعہ برادری نے سوگ، احتجاج اور یکجہتی کے پروگراموں کا اعلان کیا۔ لکھنؤ میں شیعہ رہنماؤں نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ شیعہ عالم مولانا کلب جواد نے ایک ویڈیو بیان میں سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے مسلم برادری اور انسانیت دوست طبقات سے اپیل کی کہ بطور احتجاج اپنی دکانیں اور کاروباری مراکز بند رکھیں۔ شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا یعسوب عباس نے بھی امریکہ اور اسرائیل کیخلاف سخت احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ شیعہ مون کمیٹی کے صدر مولانا سیف عباس نقوی نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے فلسطین کے مسئلے پر ہمیشہ آواز بلند کی۔ سری نگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں اتوار کو شیعہ برادری کے بڑے مظاہرے ہوئے۔ خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ کرناٹک کے بعض علاقوں میں بھی سوگ اور احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ بنگلورو میں انجمن اسلامیہ کے صدر سید زمین رضا نے اسکری مسجد میں خاموش احتجاج کی منصوبہ بندی کی تصدیق کی ہے۔ وہیں تلنگانہ کے حیدرآباد میں بھی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد زبردست احتجاج کیا گیا۔ اسی طرح دہلی میں بھی شیعہ برادری نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔