آیوروید اور یونانی کو سرجری کی اجازت کی مخالفت

   


وزیر صحت سے پروفیشنل کانگریس کے نمائندوں کی ملاقات
حیدرآباد۔ آل انڈیا پروفیشنل کانگریس کے ساؤتھ انڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر صحت ای راجندر سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ونود کمار اور ڈاکٹر عرفان عزیز کے علاوہ دیگر ارکان وفد میں شامل تھے۔ وزیر صحت سے درخواست کی گئی کہ حکومت کی جانب سے آیوروید اور یونانی ڈاکٹرس کو سرجری کی اجازت سے متعلق متنازعہ احکامات سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے۔ آل انڈیا پروفیشنل کانگریس تلنگانہ یونٹ کے صدر ڈاکٹر شراون کمار ریڈی نے وزیر صحت کو اس فیصلہ کے نقصانات سے واقف کرایا۔ وفد نے کہا کہ موجودہ قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے متبادل طریقہ علاج یعنی آیووید اور یونانی کو ایلوپیتھک کی طرح سرجری کی اجازت دینے کیلئے کورس متعارف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایلوپیتھک ڈاکٹرس اور اپنے تجربات کے لحاظ سے وہ بتانا چاہتے ہیں کہ سرجری میں ٹریننگ کس قدر دشوار ہے۔ گریجویشن کی سطح پر اس کے لئے چار سال درکار ہیں جبکہ اپنے متعلقہ شعبہ میں سرجری کی مہارت کیلئے مزید تین تا چھ سال درکار ہوتے ہیں۔ کوئی بھی شخص کس طرح ایک کورس کے ذریعہ سرجری کی مہارت حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں قانون سازی کی تجویز واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس فیصلہ سے لاکھوں غریب افراد کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ مرکزی وزیر صحت کے علاوہ مرکزی وزارت صحت کے سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کو یادداشت روانہ کی گئی۔ ڈاکٹر گیتا ریڈی پیشہ کے اعتبار سے ایم بی بی ایس ڈگری یافتہ ہیں جبکہ ڈاکٹر پی شراون کمار ریڈی ایم ایس آرتھوپیڈک سرجری کی ڈگری رکھتے ہیں۔