آیوش میں ملازمین کے ساتھ انصاف کا تیقن

   

اقلیتی کمیشن میں کمشنر آیوش کی حاضری، مختلف شکایات کی سماعت
حیدرآباد ۔ 11۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے کمشنر آیوش ڈاکٹر وی ایس الاگو وارسنی آئی اے ایس کو ہدایت دی ہے کہ یونانی میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ کمیشن کا اجلاس آج صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ بعض یونانی میڈیکل آفیسرس نے سینیاریٹی کے باوجود ترقی نہ دیئے جانے کی شکایت کی تھی۔ کمشنر آیوش نے اقلیتی کمیشن کے روبرو حاضر ہوکر اپنے موقف کی وضاحت کی ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وہ ایسی تمام درخواستوں کا جائزہ لے کر احکامات جاری کریں گی ۔ میڈیکل آفیسر نلگنڈہ ڈاکٹر اے اے خاں اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر علی حیدر یمنی نے علحدہ علحدہ درخواستیں داخل کی تھیں۔ کمشنر آیوش نے درخواست گزاروںکو مشورہ دیا کہ وہ کمیشن سے رجوع ہونے سے قبل ان سے نمائندگی کریں تاکہ محکمہ کی سطح پر کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کمیشن کو یقین دلایا کہ تلنگانہ میں یونانی طریقہ علاج کے فروغ اور اس کے لئے درکار سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ کمیشن نے عیسائی جائیدادوں کے تحفظ سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے محکمہ پولیس کو اقدامات کی ہدایت دی۔ صدرنشین محمد قمرالدین نے دیگر دو درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے پولیس کو غیر سماجی عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ۔ اجلاس میں جملہ 9 درخواستوں کی سماعت کی گئی ۔ رکن کمیشن ایم اے عظیم کے علاوہ ریٹائرڈ جج ایم اے باسط اور سکریٹری کمیشن پی گوپال راؤ شریک رہے۔ اجلاس میں ایک خانگی یونانی میڈیکل کالج کے طلبہ کی شکایت کی سماعت کی گئی۔ کمیشن نے کہا کہ کمشنر آیوش کے ذریعہ طلبہ کے مستقبل کا تحفظ کیا جائے گا ۔