ائرپورٹ پر آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ کی قیمت میں کمی

   

حیدرآباد۔ 4 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد ائرپورٹ پر آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے کیونکہ کئی مسافرین نے اس پر سوشیل میڈیا میں ناراضگی ظاہر کی تھی ۔ ائرپورٹ پر آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ کی قیمت پہلے 4500 روپئے تھی تاہم اب اسے 3900 کردیا گیا ہے ۔ جوکھم والے ممالک سے آنے والے مسافرین کیلئے ائرپورٹ پر آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ کو لازمی کردیا گیا ہے ۔ یہ مسافرین منفی رپورٹ ملنے کے بعد ہی ائرپورٹ سے باہر جاسکتے ہیں۔ جو لوگ پازیٹیو رہیں گے انہیںخصوصی ایمبولنس کے ذریعہ دواخانہ منتقل کیا جائیگا ۔ حکومت نے اس طرح کے مریضوں کیلئے تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس ( ٹمس ) کو مختص کیا ہے ۔ حیدرآباد ائرپورٹ پر روایتی آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ کیلئے 999 روپئے ہوتے ہیں تاہم اس کیلئے مسافرین کو چار تا چھ گھنٹے رپورٹ کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ ریاپڈ آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ اگر کروایا جاتا ہے تو اس کی رپورٹ ایک گھنٹے میں دستیاب ہوجاتی ہے ۔ ہر ہفتے 15 تا 18 ہزار معائنوں کی امید کی جا رہی ہے اور ان میں ب یشتر مسافرین ریاپڈ آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ کو ترجیح دیتے ہیں۔ ملک کے دوسرے میٹرو شہروں جیسے ممبئی ‘ دہلی اور چینائی وغیرہ میں ریاپڈ آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ کی قیمت 3900 سے 4000 روپئے تک ہے ۔ اومی کرون ویرینٹ کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ میں حکام نے حیدرآباد ائرپورٹ پر چوکسی میں اضافہ کردیا ۔