حیدرآباد 29 ستمبر ( سیاست نیوز ) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ شمس آباد کے اطراف 5 کیلومیٹر کے احاطہ میں یکم اکٹوبر کو نو فلائی زون رہے گا اور کسی بھی طرح کی اڑنے والی مشینوں کے استعمال پر پابندی رہے گی ۔ یہ پابندی دفعہ 144 کے تحت عائد رہے گی ۔ سائبر آباد پولیس کمشنر اسٹیفن رویندرا نے اس سلسلہ میں احکام جاری کئے اور کہا کہ یہاں کسی بھی طرح کے نقص امن کے خطرہ کے پیش نظر یہ پابندی عائد کی گئی ہے ۔ کہا گیا کہ ائرپورٹ کے قریب ریموٹ کنٹرول والے ڈرونس کی اڑان کی بھی اجازت نہیں رہے گی ۔