ائمہ اور مؤذنین کو دو ماہ کے اعزازیہ کی رقم جاری

   

رمضان المبارک میں مزید دو ماہ کی اجرائی، مطلقہ خواتین کو امدادی رقم کی اجرائی
(سیاست کی خبر کا اثر)

حیدرآباد ۔14۔فروری (سیاست نیوز) روزنامہ سیاست کی خبر کا اثر۔ تلنگانہ وقف بورڈ نے ائمہ اور مؤذنین کو ماہانہ اعزازیہ کے دو ماہ کے بقایہ جات کی رقم جاری کردی ہے۔ دو ماہ کے بقایہ جات کے طور پر 15 کروڑ 37 لاکھ 35 ہزار روپئے جاری کئے گئے جو ائمہ اور مؤذنین کے اکاؤنٹ میں فی کس 10 ہزار روپئے کے حساب سے جمع کئے گئے ۔ واضح رہے کہ روزنامہ سیاست نے ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی چار ماہ سے عدم اجرائی سے متعلق رپورٹ شائع کی ۔ رمضان المبارک کے پیش نظر ائمہ اور مؤذنین کو کم از کم دو ماہ کی رقم جاری کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ روزنامہ سیاست نے رپورٹ کی اشاعت کے فوری بعد محکمہ فینانس نے دو ماہ کے بقایہ جات کی رقم جاری کردی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے ہر ماہ 10,700 ائمہ اور مؤذنین کو ماہانہ 5000 روپئے کے حساب سے اعزازیہ جاری کیا جاتا ہے۔ اکتوبر سے جنوری تک کے بقایہ جات جاری نہیں کئے گئے ۔ جس کے سبب ائمہ اور مؤذنین میں بے چینی دیکھی جارہی تھی۔ سیاست میں رپورٹ کی اشاعت کے بعد وقف بورڈ نے اکتوبر اور نومبر کی رقم جاری کردی ہے۔ مزید دو ماہ یعنی ڈسمبر اور جنوری کے اعزازیہ کی رقم توقع ہے کہ رمضان المبارک کے دوران جاری کی جائے گی جس سے ائمہ اور مؤذنین کو عید کی تیاریوں میں سہولت ہوگی۔ وقف بورڈ نے 381 مطلقہ خواتین کے گزارے کی رقم کے طورپر 76 لاکھ 65 ہزار 726 روپئے جاری کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ نے اعزازیہ کی رقم کی اجرائی کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے محکمہ فینانس کو روانہ کردی ہے جہاں سے رقم جاری کرنے میں تاخیر کی شکایت ہے۔ محکمہ فینانس نے پہلے مرحلہ میں دو ماہ کے اعزازیہ کی رقم جاری کردی ہے۔ ائمہ اور مؤذنین نے روزنامہ سیاست کی موثر نمائندگی پر اظہار تشکر کیا۔1