ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی بقایہ جات کے ساتھ جلد اجرائی

   

وزیر داخلہ محمود علی کا تیقن، لاک ڈاؤن کی سختی سے پابندی کرنے عوام سے اپیل
حیدرآباد۔6۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ سے متعلق بقایہ جات بہت جلد جاری کئے جائیں گے اور وہ وقف بورڈ کو فنڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں وزیر فینانس ہریش راؤ سے بات چیت کریں گے۔ حج ہاؤز میں آج غریبوں میں اناج کے پیاکٹس کی تقسیم کیلئے روانگی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے سبب غریب اور متوسط طبقات کافی پریشان ہیں ۔ انہوں نے وقف بورڈ کو مشورہ دیا کہ ائمہ اور مؤذنین کے بقایہ جات جاری کردیں۔ تاکہ موجودہ حالات میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ اور مؤذنین کے لئے حکومت کی جانب سے دیا جانے والا اعزازیہ ضروریات زندگی کی تکمیل میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 100 برسوں میں دنیا میں اس طرح کسی وباء کے نتیجہ میں عوام کو پریشانی نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 87 لاکھ سفید راشن کارڈ ہولڈرس کے لئے 12 کیلو اور 1500 روپئے کی تقسیم کا آغاز کردیا ہے جن کے پاس راشن کارڈ نہیں ، انہیں چاول اور 500 روپئے دیئے جارہے ہیں ۔ کے سی آر نے غریبوں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے ایک ماہ کے اناج کا انتظام کیا ہے ۔ محمود علی نے کہا کہ حکومت عوام کی مدد کے لئے ہر طرح تیار ہے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے احتیاطی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے سبب وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملی ہے ۔ عوام کو سختی کے ساتھ پابندی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے آنے والے افراد کو رضاکارانہ طور پر گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہوتے ہوئے اپنا معائنہ کرانا چاہئے ۔ چار گھنٹے میں کورونا کا ٹسٹ مفت کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی دوری برقرار رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ محمود علی نے کہا کہ وائرس کیلئے کسی مذہب یا مذہبی جماعت کو ذمہ دار قرار دینا ٹھیک نہیں۔ اس معاملہ کو مذہب سے جوڑنے کی کوشش نہ کی جائے ۔ چیف منسٹر کے سی آر واضح کرچکے ہیں کہ تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کرنے والوں کا کوئی قصور نہیں ہے ۔ اجتماع کے سلسلہ میں جو احتیاطی قدم اٹھانے تھے، وہ نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس مزید نہ پھیلے اس بات کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ لاک ڈاؤن کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے سماج کو وائرس سے محفوظ رکھنے میں حکومت کی مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے منشائے وقف کے مطابق غریبوں کی امداد کا فیصلہ کیا ہے اور آنے والے دنوں میں بورڈ سے مزید امداد کا اعلان کیا جائے گا ۔