مطلقہ خواتین کیلئے 16 لاکھ وظیفہ کی اجرائی ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی مساعی
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کے بقایہ جات کے طور پر تین ماہ کی رقم 12 کروڑ 13 لاکھ 95 ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ انہوں نے رقم کی اجرائی کے فوری بعد عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ائمہ اور مؤذنین کے بینک اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی کو یقینی بنائے۔ رات دیر گئے تک عہدیداروں نے اس سلسلہ میں کارروائی کی اور 10,000 ائمہ اور موذنین کے اکاؤنٹ میں تین ماہ کا اعزازیہ جمع کردیا گیا۔ مارچ تک کے بقایہ جات کی اجرائی مکمل ہوچکی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ باقی دو ماہ کا اعزازیہ عنقریب جاری کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے گرانٹ ان ایڈ کے ذریعہ مطلقہ خواتین کے پنشن کے طورپر 16 لاکھ 49 ہزار ، 969 روپئے جاری کئے ۔ عدالتوں کے احکامات کے مطابق مطلقہ خواتین کو وظیفہ جاری کیا جاتا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ بجٹ کی اجرائی میں کسی قدر تاخیر ہوئی ہے ، لہذا جون تک کا اعزازیہ جاری نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ فینانس سے جیسے ہی بجٹ جاری ہوگا ، باقی دو ماہ کے اعزازیہ کی رقم اکاؤنٹس میں منتقل کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مثالی اسکیم شروع کی ہے۔ ائمہ اور مؤذنین کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے حکومت نے یہ اسکیم متعارف کی جس سے 10,000 سے زائد ائمہ و مؤذنین استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعزازیہ کے لئے داخل کردہ نئی درخواستوں کی جانچ کے بعد یکسوئی کی جائے گی۔ تین ماہ کے بقایہ جات کے طورپر حیدرآباد میں 1702 ائمہ اور مؤذنین کے اکاؤنٹ میں 85 لاکھ کی رقم منتقل کی گئی ۔ نرمل کیلئے 10 لاکھ 65 ہزار روپئے ، کریم نگر 14 لاکھ روپئے ، جگتیال 12 لاکھ 80 ہزار ، ورنگل اربن 11 لاکھ 40 ہزار ، میدک 13 لاکھ 65 ہزار ، سنگا ریڈی 36 لاکھ ، سدی پیٹ 15 لاکھ 85 ہزار ، کھمم 13 لاکھ 55 ہزار ، نلگنڈہ 22 لاکھ 30 ہزار ، سوریا پیٹ 13 لاکھ 65 ہزار نظام آباد 35 لاکھ 45 ہزار ، کاما ریڈی 13 لاکھ 40 ہزار ، محبوب نگر 20 لاکھ 95 ہزار ، ناگر کرنول 10 لاکھ 50 ہزار ، گدوال 11 لاکھ 70 ہزار اور رنگا ریڈی میں 75 لاکھ 5000 کی رقم جاری کی گئی۔