عہدیداروں کو صدرنشین وقف بورڈ کی ہدایت
اوقافی جائیدادوں کے مقدمات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 18۔جون (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی باقی رقم جلد جاری کی جائے ۔ ڈسمبر تا فروری اعزازیہ جاری کیا جاچکا ہے ۔ باقی تین ماہ کے اعزازیہ کی اجرائی کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ درخواست گزاروں کی فہرست تیار کریں تاکہ درکار رقم کے ساتھ بینکوں کو روانہ کیا جاسکے۔ محمد سلیم نے آج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ اور مؤذنین کو رمضان المبارک کے دوران اعزازیہ کی اجرائی سے کافی راحت ملی ہے ۔ حکومت نے اعزازیہ کی رقم کو بڑھاکر پانچ ہزار روپئے کردیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ائمہ اور مؤذنین کے مالی موقف کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے شہر کے مضافاتی علاقوں میں واقع اہم اوقافی جائیدادوں کے مقدمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ درگاہ حضرت سالار اولیاء حفیظ پیٹ ، مامیڑ پلی اور مقبرہ روشن الدولہ کی اراضیات سے متعلق مقدمات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے لیگل سیکشن کے عہدیداروں کے علاوہ اسٹانڈنگ کونسل سے بات چیت کی ۔ مامیڑ پلی میں 700 ایکر اوقافی اراضی پر تعمیراتی کاموں کی شکایت ملی ہے۔ یہ معاملہ عدالت میں زیر دوران ہیں۔ محمد سلیم نے اسٹانڈنگ کونسل کو ہدایت دی کہ وہ عدالت سے حکم التواء کی برخواستگی کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے مقبرہ روشن الدولہ کے مقدمہ میں حکم التواء کی برخواستگی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں جوابی حلفنامہ بروقت داخل کیا جائے تاکہ اراضیات کے تحفظ میں مدد ملے ۔ صدرنشین نے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی جو ان جائیدادوں کا معائنہ کرتے ہوئے غیر مجاز تعمیرات کا جائزہ لے گی ۔
