حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ سے ائمہ اور موذنین کے تین ماہ کے اعزازیہ کے بقایا جات آج جاری کردیئے گئے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ جولائی ، اگسٹ اور ستمبر کے بقایا جات کی آج منظوری دی جاچکی ہے جس کے لئے حکومت نے 15 کروڑ روپئے جاری کئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ رقم اندرون دو یوم ائمہ اور موذنین کے بینک اکاؤنٹس میں جمع ہوجائے گی۔ ائمہ اور موذنین دو دن بعد اپنے بینک اکاؤنٹس چیک کرسکتے ہیں۔ وقف بورڈ کی جانب سے تقریباً 10 ہزار ائمہ اور موذنین کو ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ جاری کیا جارہا ہے۔ تین ماہ کے بقایا جات کے سلسلہ میں شاہنواز قاسم کی توجہ دہانی پر حکومت نے فنڈز جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ائمہ اور موذنین جن کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اَپ ڈیٹ نہیں ہیں انہیں چاہیئے کہ وقف بورڈ کے دفتر پہنچ کر صحیح تفصیلات درج کرائیں تاکہ اعزازیہ کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جاسکے۔ر