رمضان کٹس کی گھروں تک سربراہی، عوام سے لاک ڈاؤن کی پابندی کی اپیل
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں ائمہ و مؤذنین اور پاسٹرس میں غذائی اجناس کی تقسیم عمل میں لائی۔ اسٹیٹ فوڈ کمیشن کے رکن جے آنند اور ممتاز صنعت کار کشور بابو کے ہمراہ اس تقریب میں شامل ہوکر وزیر فینانس نے غریب خاندانوں میں اناج تقسیم کئے۔ اس موقع پر 160 ائمہ و موذنین اور پاسٹرس کے علاوہ 280 دیگر غریب خاندانوں میں غذائی اجناس کی تقسیم عمل میں آئی۔ مختلف رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے تقسیم کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے مسلم اقلیتوں کے مکانات تک غذائی اجناس کی سربراہی کے پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین، میونسپل چیرمین راجنا، وائس چیرمین اختر پٹیل اور اقلیتی قائدین موجود تھے۔ رمضان مبارک کو پیش نظر رکھتے ہوئے غریب مسلمانوں کو اناج کے پیاکٹس گھروں تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان پروگراموں میں شرکت کے موقع پر ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کی سختی سے پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ کو کورونا سے نجات دلانے کا عہد کرچکے ہیں۔ ہریش راؤ نے کلکٹریٹ میں ضلع کلکٹر وینکٹ رام ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں رنگانائیک اور ملنا ساگر پراجکٹس کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول کا جائزہ لیا۔
