مساجد کمیٹیاں بھی تنخواہوں میں اضافہ پر غور کریں، ہنمکنڈہ میں اجلاس، حضرت خسرو پاشاہ کا خطاب
ورنگل ۔ 27 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت سے مطالبہ ہیکہ ائمہ و موذنین کو ڈبل بیڈروم مکانات اور اراضیات فراہم کئے جائیں۔ مساجد کی انتظامی کمیٹیاں ائمہ موذنین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے پر غور کریں، مسلمان آپسی اختلافات دور کریں، اتحاد کا مظاہرہ کریں، اتحاد ہی سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے کاموں کے لئے مساجد کو مرکز بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی قاضی پیٹ و صدر ملت رابطہ کمیٹی متحدہ ضلع ورنگل نے زکریا فنکشن ہال رائے پورہ ہنمکنڈہ میں ورنگل کے ائمہ و موذنین، و ذمہ داران مساجد کمیٹیوں کے اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہ نشین پر مولانا خواجہ جعفر العابدین ناظم مدرسہ خیر العلوم و خطیب و امام مسجد کوثر منڈی بازار ورنگل، مفتی منہاج احمد قیومی، مولانا صابر عالم، مولانا فصیح الدین نظامی تاجی، مولانا خالد سعید، کے اعجاز احمد صدر جامع مسجد مدراسی منڈی بازار ورنگل، محمد عبداللہ صدر انتظامی کمیٹی مسجد زکریٰ (مہر النساء مسجد) ایل بی نگر، مولانا عتیق الرحمن اسعدی، فقیر شاہ قادری غوث احمد محمودی سجادہ نشین درگاہ حضرت حاجی بانی اسلامیہ کالج شیرپورہ ورنگل و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر خسرو پاشاہ نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ کے غریب و مستحقین کے علاوہ جرنلسٹ و دیگر کو ڈبل بیڈ روم و اراضی فراہم کررہی ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست کے ائمہ و موذنین کو بھی اس اسکیم میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد بہت بڑی طاقت ہے۔ تمام مسلمان متحد و متفق ہو جائیں تو کوئی طاقت آنکھ اٹھاکر بھی نہیں دیکھ سکتی۔ انہوں نے اترپردیش اور کرناٹک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جہاں ہم بٹے ہوئے تھے وہاں بلڈوزر چلائے جارہے ہیں۔ جہاں ہم متحد تھے وہاں پھول برسائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت رابطہ کمیٹی متحد ضلع ورنگل آن لائن سنٹر اور کمیٹی کے دفاتر کے ذریعہ مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج ہویا حکومت کی اسکیمات سے استفادہ ہو اس موقع پر وہاج الحق، عبدالقہار، احتشام الحق عارف، امیر اللہ، محمد عبدالقدوس عید گاہ ہنمکنڈہ، محمد اسماعیل شمسی قادری سابق صدر ڈسٹرکٹ وقف بورڈ، محمد نعیم الدین، ایم اے خلیل ٹی آر ایس قائد، ایڈوکیٹ مدثر احمد قیومی، محمد اظہر الدین مالکل سٹی فنکشن ہال و دیگر موجود تھے۔