ائیرشو کی تیاری کے دوران F-16طیارہ تباہ

   

وارسا، 29 اگست (یو این آئی) پولینڈ میں ائیرشو کی ریہرسل کے دوران F-16 طیارہ گرکر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ پولینڈ کے وسطی علاقے میں ائیر شو کی ریہرسل چل رہی تھی کہ اس دوران F-16طیارہ اچانک کریش کرگیا، حادثے میں طیارے کا پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔ پولش خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ طیارہ پولش فضائیہ کا حصہ تھا۔ حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ طیارے کا پائلٹ لوپ بنانے کی کوشش کر رہا تھا مگر اسے بلندی کا اندازہ نہ ہوسکا، طیارہ تیزی سے زمین کی جانب بڑھا اور ٹکرا کر دھماکے سے تباہ ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق حادثہ کے باعث آج سے پولینڈ میں ہونے والا ائیرشو منسوخ کر دیا گیا۔ ایونٹ میں 20 ملکوں کے 150 طیاروں کو حصہ لینا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکہ میں شمالی ایریزونا میں میڈیکل ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجہ میں طیارہ میں سوار چاروں افراد ہلاک ہوگئے تھے ، طیارہ کے زمین پر گرتے ہی آگ بھڑک اٹھی اور ایئر کرافٹ جل کا خاکستر ہو گیا۔