لندن کیلئے پرواز کے چندمنٹوں میں طیارہ بی جے میڈیکل کالج ہاسٹل کی عمارت پر جا گرا‘ 5 طلباء کی ہلاکت ‘کئی زخمی، 53 برطانیہ کے شہری اور سابق چیف منسٹر وجئے روپانی بھی شامل‘ملک بھر میں سوگ کا ماحول
گاندھی نگر: 12؍جون (ایجنسیز) گجرات کے احمد آباد میں بدترین طیارے حادثہ پیش آیا جس کو طیارہ حادثوں کی تاریخ کے المناک حادثہ میں شمار کیا جا رہا ہے۔ اس حادثہ میں نہ صرف طیارہ میں سوار کئی مسافر ہلاک ہوئے ہیں بلکہ بی جے میڈیکل کالج کے کئی طلبا بھی حادثہ کی زد میں آ گئے ہیں۔ ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ٹیک آف کے چند منٹوں بعد بی جے میڈیکل کالج کے ہاسٹل پر گرا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میگھانی نگر کے جس رہائشی علاقہ میں ایئر انڈیا کا بی۔787 ڈریم لائنر طیارہ حادثہ کا شکار ہوا وہیں بی جے میڈیکل کالج موجود ہے۔ اسی میڈیکل کالج کے ہاسٹل کی عمارت پر طیارہ پرواز کے 5 منٹ کے اندر ہی گر گیا۔ ہاسٹل کے اوپر کینٹین موجود ہے جہاں میڈیکل طلبا دوپہر کے وقت لنچ کرنے پہنچتے تھے۔ جب حادثہ پیش آیا، اس وقت بھی کئی طلبا لنچ کررہے تھے یا کھانے سے فارغ ہو چکے تھے۔ اس حادثہ میں 5 ایم بی بی ایس طالبعلم ہلاک جبکہ 50 سے زیادہ زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن میں ڈاکٹرس بھی شامل ہیں ۔ زخمیوںکا علاج جاری ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بتایا گیا ہے کہ انھیں خون کی اشد ضرورت ہے۔ عوام سے خون عطیہ کرنے کی گزارش بھی کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق طیارہ میں برطانیہ کے 53شہری بھی سوار تھے جبکہ گجرات کے سابق چیف منسٹر وجئے روپانی بھی بیٹی سے ملنے کیلئے لندن جانے اسی طیارے میں سوار تھے۔طیارہ حادثہ کی جو ویڈیوز اور تصویریں سامنے آئی ہیں اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ کا پچھلا حصہ ہاسٹل کی بلڈنگ سے لٹک رہا ہے۔ طیارہ کا اگلا حصہ پوری طرح سے خاک میں تبدیل ہو چکا تھا جس سے دھوئیں کا غبار اٹھتا دکھائی دے رہا تھا۔ موقع پر این ڈی آر ایف کی 3 ٹیمیں پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن زور و شور سے جاری رہا۔ وڈودرا سے بھی این ڈی آر ایف کی 2 ٹیمیں احمد آباد پہنچ گئیں۔ احمد آباد کے سیول ہاسپٹل تک گرین کوریڈور بنایا گیا ہے جہاں زخمیوں کو بغرض علاج داخل کرایا جا رہا ہے۔اس حادثہ کے بعد ملک بھر میں سوگ کا ماحول ہے۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر تمام قائدین نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ۔
احمدآباد طیارہ حادثہ دل دہلانے والا:مودی
نئی دہلی، 12 جون (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے احمدآباد میں پیش آنے والے طیارہ حادثہ پر گہرے دکھ اور متاثرہ افراد کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ مودی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ احمدآباد میں پیش آنے والے المناک حادثہ نے ہمیں صدمہ اور غم میں مبتلا کردیا ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیاجاسکتا اور یہ دل دہلانے والا ہے۔ اس غم کی گھڑی میں میری ہمدردیاں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔ میں وزراء اور حکام کے رابطے میں ہوں جو متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ایئر انڈیا کا ایک ڈریم لائنر بوئنگ 787 طیارہ آج دوپہر احمدآباد سے لندن کیلئے پرواز کرتے ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔ جہاز میں 230 مسافر، دو پائلٹ اور عملے کے 10 دیگر ارکان سوار تھے ۔
مودی نے وزیر شہری ہوابازی سے بات کی اور تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی
نئی دہلی 12 جون (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو سے بات کی اور احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بارے میں دریافت کیا اور فوری طور پر ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو کے دفتر نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم نے نائیڈو سے بات کی اور حادثے کے بارے میں دریافت کیا۔ نائیڈو نے وزیر اعظم کو بتایا کہ وہ خود احمد آباد جا رہے ہیں تاکہ بچاؤ اور راحتی کاموں کی نگرانی کریں۔ مودی نے وزیر کو فوری طور پر تمام ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے اور صورتحال کے بارے میں باقاعدہ معلومات دینے کو کہا ہے ۔ نائیڈو نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں اور مربوط کوششوں کے ساتھ راحت اور بچاؤ کام جاری ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو احمد آباد ہوائی اڈے سے اڑان بھرتے ہی ایئر انڈیا کا ڈریم لائنر بوئنگ 787 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
کانگریس قائدین کا طیارہ حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار
نئی دہلی، 12 جون (یواین آئی) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے احمد آباد طیارہ حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ جمعرات کو اپنے تعزیتی پیغام میں سونیا گاندھی نے کہاکہ میں احمد آباد میں ہوائی جہاز کے المناک حادثے سے گہراصدمہ اور غم زدہ ہوں۔ میری تعزیت مسافروں اور عملے کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ جو مناظر سامنے آئے ہیں وہ انتہائی دردناک ہیں۔ پورا ملک سوگ میں ڈوبا ہوا ہے اور دعائیں مانگ رہا ہے ۔ کھرگے نے کہاکہ گجرات کے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، جس میں بہت سے مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے ۔ یہ دل دہلا دینے والے مناظر کو دیکھ کر دہل جاتا ہے ۔ مسافروں، پائلٹ اور عملے کے اہل خانہ سے ہماری دلی تعزیت اور دعائیں ہیں۔