ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقہ میں رائے شماری میں ووٹوںکا فرق

   

الیکشن کمیشن سے 30 جنوری تک تفصیلات داخل کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقہ میں ووٹوں کی گنتی سے متعلق تمام تفصیلات 30 جنوری تک پیش کی جائیں۔ اس حلقہ میں ووٹنگ مشینوں کے علاوہ تمام وی وی پیاٹ کی رائے شماری سے متعلق چیف الیکٹورل آفیسر کو ہدایت دینے کیلئے بی ایس پی کے امیدوار مال ریڈی رنگا ریڈی نے عدالت میں درخواست داخل کی ہے۔ ہائی کورٹ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے 30 جنوری تک رائے شماری سے متعلق تمام تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کمیشن کو ہدایت دی۔ اسمبلی انتخابات میں مال ریڈی رنگا ریڈی نے بی ایس پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا اور انہیں محض 376 ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ عدالت میں شکایت کی گئی کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور وی وی پیاٹ ووٹوں کی تعداد میں کافی فرق پایا گیا۔ 11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی کے موقع پر رنگا ریڈی کے الیکشن ایجنٹ نے اعتراضات پیش کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کو یادداشت پیش کی۔ ریٹرننگ آفیسر نے نمائندگی پر کوئی اکنالیجمنٹ نہیں دیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ پولنگ اسٹیشن 199 اور 221 میں ووٹنگ مشین اور وی وی پیاٹ کی سلپس میں فرق پایا گیا ہے۔ ای وی ایم کے مطابق ٹی آر ایس امیدوار ایم کشن ریڈی کو 146 ووٹ ملے جبکہ رنگا ریڈی کو 136 ووٹ دکھائے گئے جبکہ وی وی پیاٹ میں یہ تعداد مختلف رہی ۔ 221 پولنگ اسٹیشن میں بھی ووٹوں کی تعداد میں فرق دیکھا گیا ۔ درخواست کی سماعت کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن سے تفصیلات طلب کی ہیں۔